سینیٹ اجلاس، ڈاکٹر زرقا سہروردی اور دینش کمار میں تلخ کلامی شدت اختیار کرگئی
میرے ساتھ بھی بدتمیزی کی گئی ہے، باپ پارٹی کوئی کمزور جماعت نہیں ہے، آج دنیش کمار کے ساتھ زیادتی کی گئی: سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کا مؤقف

اسلام آباد(کھوج نیوز) سینیٹ اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹر ڈاکٹرزرقا سہروردی تیمور اور بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے سینیٹر دینش کمار کے درمیان تلخ کلامی شدت اختیار کر گئی ہے۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں ہونے والے اجلاس کے دوران پاکستان تحریک انصاف کی سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور، بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے سینیٹر دنیش کمار اور سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ کے بعد شور شرابہ اور ہنگامہ آرائی برپا ہو گئی۔ بلوچستان عوامی پارٹی کی سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری اور سینیٹر ڈاکٹر زرقا سہروردی تیمور کے درمیان بھی تلخ جملوں کا تبادلہ ہوا۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ میرے ساتھ بھی بدتمیزی کی گئی ہے، باپ پارٹی کوئی کمزور جماعت نہیں ہے، آج دنیش کمار کے ساتھ زیادتی کی گئی۔انہوں نے کہا کہ یہاں سب کو بولنے کا حق ہے۔ یہاں اپوزیشن لیڈر کی طرف سے کہا گیا کہ ہماری بڑی جماعت ہے، اگر وہ عزت چاہتے ہیں تو انہیں عزت دینا ہو گی، یہاں ایک ممبر پر دو ایام کار کے لئے اجلاس میں شرکت پر پابندی لگائی گئی لیکن وہ ممبر آج ایوان میں موجود ہیں، یہ کیسے ممکن ہے، یہ ایوان بالا ہے، ہمارے بچے کیا دیکھیں گے۔