پاکستان
انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 64 لاکھ سے تجاوزکرگئی
یکم جولائی سے 8 اکتوبر تک 10 لاکھ 35 ہزار نئے فائلرز نے رجسٹریشن کرائی۔ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار نئے فائلر رجسٹرڈ ہوئے تھے

اسلام آباد(کھوج نیوز) انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانےکی آج آخری تاریخ ہے۔ ذرائع کےمطابق انکم ٹیکس گوشوارے جمع کرانے والوں کی تعداد 64 لاکھ سے تجاوزکرگئی۔ ایف بی آر ذرائع کا کہنا ہے کہ 34 لاکھ افراد نے زیرو ٹیکس آمدن ظاہر کی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ سال 2024ء میں گوشوارے جمع کرانے والوں نے 114 ارب 33 کروڑ روپےکا ٹیکس جمع کرایا ہے۔
گزشتہ سال اسی عرصے میں 21 لاکھ 66 ہزار 775 افراد نے ٹیکس ریٹرنز جمع کرائے تھے اور 52 ارب روپے ٹیکس جمع کرایا تھا۔ ایف بی آر کا کہنا ہے کہ یکم جولائی سے 8 اکتوبر تک 10 لاکھ 35 ہزار نئے فائلرز نے رجسٹریشن کرائی۔ گزشتہ سال کے اسی عرصے میں تقریباً 4 لاکھ 50 ہزار نئے فائلر رجسٹرڈ ہوئے تھے۔



