مریم نواز کا چینی وزیراعظم کی آمد پر پُر جوش خیر مقدم، ملکی ترقی کی راہ مزید ہموار ہوگی
پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی کا سہرا نوازشریف کے سر 'وزیراعظم شہبازشریف پاک چائنہ تعلقات کو مزید مضبوط کرنے میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں

لاہور(کھوج نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف کا چین کے وزیراعظم لی چیانگ کی آمد پر پُر جوش خیر مقدم، چینی وزیراعظم کو حکومت پنجاب اور عوام کی جانب سے خوش آمدید بھی کہا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے کہا کہ چینی وزیر اعظم کے دورہ پاکستان کو باہمی دوستی کے نئے باب کی شروعات سمجھتے ہیں۔ چین اور پاکستان کے مابین تعلقات عالمی امن، خطے کی خوشحالی اور ترقی کے ضامن ہیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات میں گرمجوشی کا سہرا پاکستان مسلم لیگ(ن) کے قائد محمد نوازشریف کے سر ہے اور وزیراعظم محمد شہبازشریف پاک چائنہ تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم کرنے میں بھرپور کردار ادا کررہے ہیں -وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پاکستان مسلم لیگ ن کے دور حکومت میں سی پیک کا آغاز پاک چین دوستی کا ناقابل تردید ثبوت ہے اور چینی وزیراعظم کی آمد سے سی پیک پراجیکٹس میں تیزی آئے گی، روز گار کے لاکھوں مواقع پیدا ہوں گے- ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ پاکستان اور چین کے درمیان باہمی دوستی، اعتماد اور احترام کی مضبوط بنیاد پر قائم ہے جبکہ مشکل کی ہر گھڑی میں پاکستان اور چین کا باہمی تعاون تاریخ کا حصہ بن چکاہے – مریم نواز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور چین مل کر خوشحال اور پرامن مستقبل کی طرف بڑھ رہے ہیں’ پاک چین دوستی ہر گزرتے دن کے ساتھ مزید مضبوط اور مستحکم ہو رہی ہے اور ون بیلٹ اینڈ روڈ انیشیٹو عالمی خوشحالی کے لیے چین کے عزم کا اظہارکرتا ہے۔ چین کی اقتصادی ترقی کے ثمرات سے دنیا بھر کے لوگ مستفید ہورہے ہیں۔



