بانی پی ٹی آئی کو کھانےمیں ایسا کیا دیا گیا کہ وہ اُلٹیاں کرنےلگے؟
عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو جیل میں دیے جانے والے کھانے سے الٹیاں ہوئی ہیں۔ اڈیالہ جیل میں عمران خان کی بہن علیمہ خان، عظمیٰ خان، بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے عمران خان سے ملاقات کی

اڈیالہ(کھوج نیوز) سابق وزیراعظم و بانی تحریک انصاف (پی ٹی آئی) عمران خان کی بہن علیمہ خان نے دعویٰ کیا ہے کہ عمران خان کو جیل میں دیے جانے والے کھانے سے الٹیاں ہوئی ہیں۔ اڈیالہ جیل میں عمران خان کی بہن علیمہ خان، عظمیٰ خان، بیرسٹر علی ظفر اور بیرسٹر سلمان اکرم راجہ نے عمران خان سے ملاقات کی۔ ملاقات کے بعد اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان سے مل کے صبر آگیا ہے، انہوں نے بتایا ان کے ساتھ کیا سلوک کیا گیا۔
علیمہ خان نے کہا کہ عمران خان کے سیل کی بجلی کاٹی گئی، ان کا اخبار ٹی وی سب بند کر دیا گیا تھا، 3 ہفتے بعد انہیں ورزش کے لیے سائیکل دی گئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ کسی کو بھی عمران خان سے ملنے نہیں دیا جارہا تھا، اس دوران انہیں جیل میں نجانے کھانے میں کیا دیا گیا جسے کھانے سے عمران خان کو الٹیاں ہوئی ہیں، انکی طبیعت خراب ہوئی لیکن جیل انتظامیہ نے ہماری فیملی، وکلاء یا کسی کو بھی مطلع نہیں کیا۔
واضح رہے کہ راولپنڈی کی اڈیالہ جیل میں قید عمران خان کے سیل کی بجلی معطلی اور سہولیات واپسی سے متعلق خبریں گزشتہ کئی روز سے گرم تھیں۔ ان خبروں پر پی ٹی آئی رہنماؤں اور کارکنان کی علاوہ عمران خان کی سابق اہلیہ جمائما گولڈ اسمتھ کیجانب سے بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا تھا۔ بعدازاں اڈیالہ جیل حکام نے ان خبروں کی تردید کرتے ہوئے عمران خان کو تمام سہولیات دستیاب ہونے کی یقین دہانی کروائی تھی۔
تاہم 19 اکتوبر کو چیئرمین پی ٹی آئی بیرسٹر گوہر اور پارٹی رہنما سلمان اکرم راجا سے ملاقات کے دوران عمران خان نے اپنے سیل کی بجلی معطل ہونے اور سہولیات کی عدم فراہمی کی خبروں کی تصدیق کردی تھی۔ یاد رہے کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان کو رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری کی مدد سے گزشتہ برس 9 مئی کو گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد ملک بھر میں ہنگامے پھوٹ پڑے تھے۔
سپریم کورٹ نے عمران خان کی گرفتاری کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے اُنہیں رہا کرنے کا حکم دیا تھا، بعدازاں 5 اگست 2023 کو اسلام آباد کی سیشن کورٹ نے اُنہیں توشہ خانہ کیس میں 3 سال قید کی سنا دی تھی، اسی روز پولیس نے عمران خان کو لاہور میں ان کی رہائش گاہ زمان پارک سے گرفتار کر کے اڈیالہ جیل منتقل کردیا تھا۔