پاکستان

خیبرپختونخوا حکومت کا آئی جی اسلام آباد کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ

خیبرپختونخوا حکومت نے پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں توڑ پھوڑ اور نقصانات کے حوالے سے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے

پشاور(کھوج نیوز) خیبرپختونخوا حکومت کا آئی جی اسلام آباد کے خلاف قانونی کارروائی کا فیصلہ،کھوج نیوز رپورٹ کے مطابق خیبرپختونخوا حکومت نے پختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں توڑ پھوڑ اور نقصانات کے حوالے سے بڑا قدم اٹھاتے ہوئے آئی جی اسلام آباد کے خلاف ایف آئی آر درج کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔ مشیر اطلاعات خیبرپختونخوا بیرسٹر سیف نے پشاور پریس کلب میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے بتایا کہ کابینہ اجلاس میں اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ اس واقعے پر قانونی کارروائی کی جائے گی۔

خیبرپختونخوا ہاؤس اسلام آباد میں پی ٹی آئی کے ڈی چوک احتجاج کے دوران متعدد گاڑیوں، فرنیچر اور دیگر سرکاری اشیاء کو نقصان پہنچایا گیا تھا۔ سرکاری اہلکاروں کو ہراساں کیا گیا اور ایم پی ایز کی فیملیز پر بھی تشدد کیا گیا تھا۔ اس دوران 12 لاکھ 84 ہزار 400 روپے کی نقدی، موبائل سمز اور دیگر قیمتی سامان غائب ہو گیا تھا۔صوبائی اسمبلی کی قائم کردہ کمیٹی نے بھی اس توڑ پھوڑ اور نقصانات کی تفصیلی رپورٹ طلب کی ہے، جس کے مطابق خیبرپختونخوا ہاؤس میں ہونے والے نقصانات کا تخمینہ ایک کروڑ 96 لاکھ 93 ہزار روپے لگایا گیا ہے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مشینری، فرنیچر، سی سی ٹی وی کیمروں اور دیگر سامان کو بھی نقصان پہنچا، جس کا مجموعی تخمینہ ایک کروڑ 65 لاکھ روپے ہے۔

کابینہ اجلاس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ اس سنگین واقعے کی تحقیقات کے بعد آئی جی اسلام آباد کے خلاف ایف آئی آر درج کی جائے گی تاکہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button