موسمیاتی تبدیلیوں کے باعث ملک کو کتنا نقصان ہوا؟ وزیرِاعظم شہباز شریف نےدنیاکو بتادیا
باکو میں ہونے والے کوپ 29 کلائیمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات دنیا بھر کے ممالک پر مرتب ہو رہے ہیں

اسلام آباد(کھوج نیوز)وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات کے نتیجے میں پاکستان کو 2022 میں شدید سیلاب کا سامنا کرنا پڑا، جس سے ملک کو 30 ارب ڈالر سے زائد کا اقتصادی نقصان ہوا۔باکو میں ہونے والے کوپ 29 کلائیمیٹ ایکشن سربراہی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلیوں کے اثرات دنیا بھر کے ممالک پر مرتب ہو رہے ہیں اور اگر فوری اقدامات نہ کیے گئے تو مستقبل میں اس کے اثرات مزید سنگین ہو سکتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ سیلاب کے دوران اسکولوں کی عمارتیں تباہ ہو گئیں اور ہزاروں افراد بے گھر ہو گئے۔ عالمی سطح پر موسمیاتی تباہی کے نقصانات پر پاکستان کے لیے امداد کی یقین دہانیاں کرائی گئیں، اور اب کوپ 28 میں کیے گئے وعدوں کو عملی شکل دینا ضروری ہے۔وزیراعظم نے یہ بھی کہا کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے 10 ممالک میں شامل ہے اور ملک نہیں چاہتا کہ دیگر ممالک بھی پاکستان کی طرح شدید سیلابوں اور قدرتی آفات کا شکار ہوں۔ اس موقع پر انہوں نے یہ یقین دہانی بھی کرائی کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے چیلنجز سے نمٹنے کے لیے موثر اقدامات کر رہا ہے۔



