پاکستان

پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ کےساتھ کشیدگی،وزیراعلیٰ کے پی سینہ تان کرمیدان میں آگئے

علی امین گنڈا پورایپکس کمیٹی اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیادت کےساتھ پاکستان تحریک انصاف کے 24 نومبر کے احتجاجی مارچ اورپی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ جاری کشیدگی پربات چیت کےلیے مکمل طورپر تیارہوگئے

اسلام آباد(کھوج نیوز) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور وزیراعظم شہبازشریف کی جانب سے بلائی گئی ایپکس کمیٹی میں شریک ہوں گے۔ اس کمیٹی میں آرمی چیف، ڈی آئی ایس آئی، ایم آئی اورآئی بی کے سربراہان، وزرائے اعلیٰ اوربعض وفاقی وزرا بھی شریک ہوں گے۔ ایک رپورٹ کے مطابق، وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور ایپکس کمیٹی کے اجلاس میں اعلیٰ عسکری قیادت کے ساتھ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے 24 نومبر کے احتجاجی مارچ اور عمران خان اور پی ٹی آئی کی اسٹیبلشمنٹ کے ساتھ جاری کشیدگی پر بات چیت کے لیے مکمل طور پر تیار ہوگئے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف نے ایپکس کمیٹی کا اجلاس آج (پیر) کو طلب کیا ہے، تاہم وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے کہا ہے کہ اجلاس منگل کو منعقد ہوگا۔ ایک سوال کے جواب میں علی امین گنڈاپور نے کہا کہ احتجاجی مارچ کے لیے کسی کی اجازت کی ضرورت نہیں تاہم اگر امن عامہ کی صورتحال اور نیشنل ایکشن پلان پر بات ہوئی تو عمران خان اور پی ٹی آئی کو درپیش صورتحال پر بات ہوگی۔

وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا نے کہا کہ وہ ان معاملات پر ایپکس کمیٹی میں بات کریں گے، گزشتہ اجلاسوں میں بھی ان مسائل پر بات کرتا رہا ہوں۔ وزیراعلیٰ نے امن و امان کی بگڑتی صورتحال پر بھی تحفظات کا اظہار کیا اور کہا کہ پی ٹی آئی اور اسٹیبلشمنٹ کے درمیان جاری کشید گی پی ٹی آئی اور ملک کے مفاد میں نہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے مسائل کو حل کرنے کی ضرورت ہے، دہشتگردی کے خلاف جنگ میں فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی قربانیوں کا احترام ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button