سعودی نائب وزیر داخلہ کی وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات، سرمایہ کاری کے تاریخ ساز قدم اٹھا لیا گیا
وزیراعظم نے پاکستان میں 2.8 ارب امریکی ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے مفاہمت کی یادداشتوں پر عمل درآمد پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) سعودی نائب وزیر داخلہ کی وزیراعظم میاں شہباز شریف سے ملاقات ہوئی ہے اس ملاقات میں پاکستان میں سرمایہ کاری کے تاریخ ساز اقدامات اٹھائے گئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز آل سعود اور سعودی عرب کے ولی عہد اور وزیراعظم شہزادہ محمد بن سلمان کے لیے بھی نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے پاکستان میں 2.8 ارب امریکی ڈالر کی سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے سعودی عرب اور پاکستان کے درمیان مفاہمت کی یادداشتوں پر عمل درآمد پر اپنے اطمینان کا اظہار کیا۔ اس عزم کا اظہار وزیراعظم محمد شہبازشریف کی سعودی عرب کے نائب وزیر داخلہ ڈاکٹر ناصر بن عبدالعزیز الداد سے وزیراعظم ہاس میں ملاقات کے دوران کیا گیا۔ وزیراعظم نے سعودی نائب وزیر داخلہ کا خیرمقدم کرتے ہوئے ان کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ ملاقات کے دوران پاکستان میں سعودی عرب کے سفیر نواف بن سعید المالکی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں باہمی تعاون اور تعلقات کو مزید مضبوط بنانے پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعظم محمد شہباز شریف نے ہر مشکل میں پاکستان کا ساتھ دینے پر سعودی قیادت اور حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور سعودی عرب اقتصادی اور سرمایہ کاری تعاون کو مزید مستحکم بنانے کے لیے مل کر کام کررہے ہیں۔
 
				


