حمزہ شہبازکو وفاق میں کون سی اہم ذمہ داریاں دینے کا اعلان کیا گیا؟
اس عہدے کا مقصد پارٹی کارکنوں کےمسائل حل کرنا ہے، پبلک افیئرزیونٹ کا ایک دفتراسلام آباد اوردوسرا لاہورمیں ہو گا۔

اسلام آباد(کھوج نیوز) مسلم لیگ (ن) کےرہنما حمزہ شہبازکو وفاق میں اہم ذمے داریاں سونپی جا رہی ہیں، انہیں چیئرمین پبلک افیئرز یونٹ برائے وزیرِاعظم تعینات کیےجانےکا امکان ہے، جس کا درجہ وفاقی وزیرکا ہوگا۔ ذرائع کے مطابق (ن) لیگ کی جانب سے سابق وزیرِاعلیٰ پنجاب حمزہ شہبازکو چیئرمین پبلک افیئرز یونٹ تعینات کیےجانےپررضا مندی ظاہرکردی گئی ہے۔ اس عہدے کا مقصد پارٹی کارکنوں کے مسائل حل کرنا ہے، پبلک افیئرز یونٹ کا ایک دفتر اسلام آباد اور دوسرا لاہور میں ہو گا۔
حمزہ شہباز 6 ستمبر 1974ء کو لاہور میں پیدا ہوئے، 2008ء میں انہوں نے گورنمنٹ کالج لاہور سے گریجویشن کی۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے صاحبزادے نے لاہور کے حلقے این اے 119 سے رکنِ قومی اسمبلی منتخب ہو کر سیاست میں باقاعدہ قدم رکھا، 2013ء اور 2018ء کے انتخابات میں بھی کامیابی حاصل کی۔ 2018ء کے عام انتخابات میں حمزہ شہباز رکنِ پنجاب اسمبلی منتخب ہوئے اور انہوں نے اپوزیشن لیڈر کے طور پر اہم کردار ادا کیا۔
2022ء میں مختصر مدت کے لیے پنجاب کے وزیرِ اعلیٰ کے عہدے پر بھی فائز رہے جبکہ 2023ء کے انتخابات میں وہ ممبرِ قومی اسمبلی منتخب ہوئے۔ حمزہ شہباز کو اپنے سیاسی کیریئر میں کئی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا جن میں نیب کے مقدمات اور 22 ماہ کی قید بھی شامل ہے۔