مدارس بل معاملہ، شہباز شریف نے فضل الرحمن کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے
ملاقات میں جے یو آئی کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کی مدارس رجسٹریشن کی تجاویزپرمثبت پیشرفت ہوئی ہے اور وزیراعظم نے معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کی

اسلام آباد(کھوج نیوز) مدارس بل کے معاملے پر وزیراعظم شہباز شریف نے جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے آگے گھٹنے ٹیک دیئے ہیں جو ایک بڑی خبر ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم میاں شہباز شریف اور جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کے درمیان مدارس بل کے حوالے سے ملاقات ہوئی ۔ اس ملاقات میں عبدالغفورحیدری،کامران مرتضی، راجہ پرویزاشرف، قمرزمان کائرہ، اسپیکر ایازصادق، نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، وزیرقانون اعظم نذیرتارڑ، وزیراطلاعات عطا تارڑ، وزیراعظم کے مشیر رانا ثنااللہ اور اٹارنی جنرل منصورعثمان شریک ہوئے۔ ملاقات میں مولانا فضل الرحمان کی مدارس رجسٹریشن کی تجاویزپرمثبت پیشرفت ہوئی ہے اور وزیراعظم نے معاملات کو جلد حل کرنے کی ہدایت کی۔
دوسری جانب وزیراعظم سے ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو میں مولانافضل الرحمان کا کہنا تھاکہ مدارس سے متعلق بل پروزیراعظم نے بات چیت کیلئے ملاقات کی دعوت دی اور ہم نے اپنا مقف ملاقات میں دہرایا۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے واضح کیا دونوں ایوانوں سے بل منظور ہونے کے بعد ایکٹ بن چکاہے، اگر صدر نے اعتراض کرنا ہے تو ایک اعتراض ہوچکا جس کا جواب اسپیکر نے دے دیا، صدرمملکت نیجو دوسرا اعتراض بھیجا وہ آئینی طور پر بنتا ہی نہیں۔ ان کا کہنا تھاکہ صدرمملکت نے اسپیکر کے جواب پر کوئی ردعمل ظاہر نہیں کیا، دوسرا اعتراض آئینی مدت گزرنے کے بعد بھیجا گیا جو ابھی تک اسپیکر کے دفتر تک نہیں پہنچا۔