کیا تحریک انصاف خود امریکہ سے عمران خان کی رہائی کا دباؤ ڈالوا رہی ہے؟عاطف خان نے پردہ فاش کر دیا
پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان نے اشارتا امریکا سے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا مطالبہ کر دیا

امریکہ(مانیٹرنگ ڈیسک) امریکا میں موجود پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عاطف خان نے اشارتا امریکا سے پاکستان کے اندرونی معاملات میں مداخلت کا مطالبہ کر دیا۔امریکی مصنف مائیکل کوگلمین نے سوشل میڈیا پر کہا تھا کہ وہ امریکی مداخلت کے نتیجے میں بانی پی ٹی آئی کی رہائی کے معاملے پر بانی پی ٹی آئی کے خیالات جاننا چاہتے ہیں۔اس کے جواب میں عاطف خان نے کہا کہ اس وقت بانی پی ٹی آئی کے خیالات جاننے کی ضرورت نہیں، امریکا پاکستان میں اپنے مقاصد کے حصول کے لیے اثرورسوخ استعمال کرتا رہا ہے، اسے پاکستانی عوام کی بہتری کے لیے استعمال کیوں نہ کیا جائے۔
عاطف خان نے مزید کہا کہ پاکستانی تارکین وطن کو اپنا مخالف کے بجائے اپنا اتحادی تصور کریں، ان کی مدد سے پاکستان میں بہتری کے لیے اقدامات کیے جاسکتے ہیں، پاکستان کو مضبوط بنایا جاسکتا ہے، ان کے سادہ سے مطالبات ہیں کہ پاکستانیوں کا مینڈیٹ واپس کیا جائے اور بنیادی حقوق کا احترام کیا جائے۔