غیر حاضر اسمبلی اراکین کیلئے بڑا جھٹکا، تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ، کتنی کٹوتی ہوگی؟
حکومتی اراکین اور کئی وزرا اکثر اسمبلی اجلاس سے غائب رہتے ہیں جس کی وجہ سے کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس کو ملتوی کرنا پڑتا ہے: پارلیمانی پارٹی اجلاس میں اظہار

پشاور(کھوج نیوز) غیر حاضر اسمبلی اراکین کے لئے بڑا فیصلہ کر لیا گیا ہے ان کی تنخواہوں میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ، تنخواہوں میں کتنی کٹوتی ہوگی؟ اس حوالے سے تمام تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخواہ علی امین گنڈاپور نے اراکین کی عدم دلچسپی اور کورم پورا نہ ہونے پر اسمبلی اجلاس مسلسل ملتوی ہونے پر ناراضگی کا اظہار کیا، اس موقع پر انہوں نے غیرحاضر رہنے والے اراکین کی تنخواہیں کاٹنے کا بھی فیصلہ سنایا۔ بتایا گیا ہے کہ وزیراعلیٰ ہاؤس پشاور میں پی ٹی آئی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں اسپیکر خیبر پختونخوا اسمبلی بابر سلیم سواتی بھی شریک ہوئے، اجلاس میں معاملہ اٹھایا گیا کہ حکومتی اراکین اور کئی وزرا اکثر اسمبلی اجلاس سے غائب رہتے ہیں جس کی وجہ سے کورم پورا نہ ہونے کے باعث اجلاس کو ملتوی کرنا پڑتا ہے، کابینہ ممبران کی عدم موجودگی کے باعث اسمبلی میں سوالات کے جواب دینے کا بھی مسئلہ ہوتا ہے۔