2024ء میں کتنے پاکستانیوں نے ملک چھوڑا؟ چونکا دینے والے اعداد وشمار سامنے آگئے
گزشتہ سال 2024ء میں 727,381 پاکستانی بیرون ممالک ملازمتوں کے لیے گئے جبکہ 2023ء میں ان لوگوں کی تعداد 862,625 تھی : رپورٹ میں انکشاف

اسلام آباد(کھوج نیوز)2024ء میں کتنے پاکستانیوں نے ملک چھوڑا؟ اس حوالے سے چونکا دینے والی اعدادو شمار سامنے آنے کے بعد حکومت سمیت ملک بھر میں ایک نئی بحث کا آغاز ہوگیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گزشتہ سال 2024ء میں 727,381 پاکستانی بیرون ممالک ملازمتوں کے لیے گئے ہیں، 2023ء میں یہ تعداد 862,625 تھی ، اس طرح گزشتہ سال پاکستانیوں کی بیرون ملک منتقلی میں 15فیصد کمی ہوئی ہے، کچھ افراد اس کو پاکستان کیلیے نقصان دہ اور کچھ بہتر سمجھتے ہیں۔ ایک جانب بیرون ممالک موجود پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر پاکستانی معیشت کی بحالی میں اہم کردار ادا کر رہی ہے، تو دوسری طرف یہ افراد اپنی اسکلز کو مزید نکھار کر نئی اسکلز اور جدید ٹیکنالوجی کو پاکستان میں منتقل کرنے کا سبب بھی بن رہے ہیں۔
اسٹیٹ بینک کے اعداد و شمار کے مطابق اوورسیز پاکستانیوں نے کیلنڈر ایئر 2024 کے دوران 34.634 ارب ڈالر پاکستان بھیجے، جنھوں نے ملک میں ذرمبادلہ کے ذخائر کو مستحکم کرنے میں اہم کردار ادا کیا ہے، یہ 2023 کے مقابلے میں31.36 فیصد زیادہ ہیں۔ماہر معیشت اسامہ صدیقی نے کہا کہ ترسیلات زر پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی بن چکی ہیں، جو پاکستان کو اپنے امپورٹس کے بل ادا کرنے میں مدد فراہم کر رہی ہے۔