وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا غازی یونیورسٹی کا دورہ ،خیبر پختو نخوا اور بلوچستان کے طلباء کے لیے خواہش کا اظہار
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا غازی یونیورسٹی ،ڈیرہ غازی میں ہونہار سکالر شپ کی تقریب میں شرکت ،طلباء میں ہو نہار سکا لر شپ کے تحت چیک تقسیم کیے ،اس موقع پر انھوں نے کی کے پی کے اور بلوچستان کے طلبہ کو بھی ہونہار سکالرشپ دینے کی خواہش کا اظہارکیا

ڈیرہ غازی خان (کھوج نیوز )وزیر اعلی پنجاب مریم نواز کا غازی یونیورسٹی ،ڈیرہ غازی میں ہونہار سکالر شپ کی تقریب میں شرکت ۔وزیر اعلی نے طالب علموں میں ہو نہار سکا لر شپ کے تحت طلباء میں چیک تقسیم کیے ۔اس موقع پر انھوں نے کی کے پی کے اور بلوچستان کے طلبہ کو بھی ہونہار سکالرشپ دینے کی خواہش کا اظہارکیا ۔وزیر اعلی مریم نوازشریف نے غازی یونیورسٹی ڈیرہ غازی خان میں انکوبیشن سینٹر قائم کرنے کا اعلان بھی کیا۔
اس موقع پر مریم نواز نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ محنتی اور میرٹ پر آنے والا بچہ،فیس نہ ہونے کی وجہ سے اعلی تعلیمی ادارے کی تعلیم سے محروم نہیں رہے گا،انھوں نے کہا کہ ہم نو مئی والے نہیں ہیں 28مئی والے ہیں، پاکستان والے ہیں اور پاکستان کی عزت کے رکھوالے ہیں۔وزیر اعلی نے کہا کہ ہماری زبان تذلیل کی نہیں بلکہ تدریس کی ہے۔انھوں نے طلبا ء کو نصیحت کرتے ہوئے کہا کہ اپنے والدین کی خدمت کریں ان سے دعائیں لیں اگر کوئی بات ان کی بری لگے تو غصہ نہ کریں ،بڑوں کا احترام کرو ،بد تمیزی نہ کرو اور حد سے پار گزر کر کوئی کام نہ کرو۔انھوں نے کہا کہ میں کبھی نہیں چاہوں کہ آپ کسی کو گالی دو،ماں اپنے بچوں کو غلط ترغیب نہیں دے سکتی۔
وزیر اعلی مریم نواز نے کہا پاکستان کو جہاں پر اور مسائل کا سامنا ہے وہاں پر فیک نیوز کا بھی سامنا ہے، کبھی بھی کوئی خبر بغیر تصدیق کے آگے نہ پھیلائیں اور نہ کسی خبر کا اتنی جلدی اعتبار کریں ،سچ ابھی تسمے باندھ رہا ہوتا ہے، جھوٹ پوری دنیا کا چکر لگاکر آجاتا ہے۔انھوں نے کہا روز رات کو سونے سے پہلے روٹی کی قیمت خود چیک کر کے سوتی ہوں چار سال پہلے مہنگائی 30فیصد تھی اب وہی مہنگائی چار فیصد پر آگئی ہے۔