بانی پی ٹی آئی سے وکلاء کی ملاقات، بشریٰ بی بی کے متعلق بڑی ہدایات جاری کر دیں
بشری بی بی بھی اس غلامانہ انصاف کے نظام کا شکار ہے،وہ اس نظام کو قبول نہیں کریں گے ' بانی پی ٹی آئی نے ڈونلڈ ٹرمپ پر بات نہیں کی: وکیل فیصل چوہدری کا بیان

راولپنڈی (کھوج نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان سے وکلاء کی ملاقات ہوئی جس میں انہوں نے اپنی اہلیہ بشریٰ بی بی کے متعلق بڑی ہدایات جاری کر دی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اڈیالہ جیل میں عمران خان سے ملاقات کرنے والے وکلا میں قاضی انور، فیصل چوہدری، علی اعجاز بٹر، پرویز اقبال، رائے سلمان کھرل شامل تھے۔ قبل ازیں بانی پی ٹی آئی کی فیملی نے بھی اڈیالہ جیل کے کانفرنس روم میں عمران خان سے ملاقات کی، جس میں 190 ملین پاؤنڈز کیس پر عدالت کی جانب سے دی گئی سزا سے متعلق بات چیت کی گئی۔
عمران خان کے وکیل فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی سے ملاقات میں مختلف امور پر صلاح مشورہ ہوا۔ انہوں نے بتایا کہ عمران خان نے وکلاء سے ملاقات میں بات کرتے ہوئے کہا کہ 26ویں ترمیم نے عدلیہ کا حلیہ بگاڑ دیا ہے۔ جو چیز حکومت کے خلاف جائے گی، وہ کیس کسی اور کو ٹرانسفر ہو جائے گا۔ اس سے صاف شفاف انصاف کا نظام تباہ ہو جائے گا جب کہ پی ٹی آئی آزاد اور مضبوط عدلیہ کے حق میں ہے۔اپنی اہلیہ سے متعلق وکلا سے بات کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی نے کہا کہ بشری بی بی بھی اس غلامانہ انصاف کے نظام کا شکار ہے،وہ اس نظام کو قبول نہیں کریں گے ۔ فیصل چوہدری نے بتایا کہ بانی پی ٹی آئی آزاد عدلیہ اور قانون کی حکمرانی کے لیے مزید جدوجہد کے لیے تیار ہیں۔
میڈیا کے نمائندوں سے بات کرتے ہوئے فیصل چوہدری نے مزید بتایا کہ آج بانی پی ٹی آئی کی اہلیہ سے ملاقات نہیں ہو سکی،اس پر پٹیشن فائل کریں گے۔ جیل انتظامیہ سے اس ضمن میں بات ہوئی کہ قانون کے مطابق یہ ملاقات کیوں نہیں کروائی گئی ۔ ملاقات نہ کروانا بانی پی ٹی آئی پر پریشر ڈالنے کے لیے ہے۔فیصل چوہدری نے کہا کہ بانی پی ٹی آئی نے ڈونلڈ ٹرمپ پر بات نہیں کی۔ گزشتہ امریکی حکومت نے عافیہ صدیقی کی پٹیشن بھی دستخط نہیں کی۔ ڈونلڈ ٹرمپ کو امریکی صدر بننے پر مبارکباد دیتے ہیں۔