وزیر داخلہ محسن نقوی کی کو ششوں سے کیسے بے گناہ خاندان کو رہائی ملی؟تفصیلات منظر عام پر آگئیں
ائیرپورٹ پر بیگ کا ٹیگ بدل کر جدہ جانے والے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے ملزمان گرفتار ، حکومتی کوششوں سے سعودی عرب میں گرفتار بے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی

لاہور(کھوج نیوز)لاہور ائیرپورٹ پر بیگ کا ٹیگ بدل کر جدہ جانے والے بے گناہ خاندان کو پھنسانے والے انٹرنیشنل ڈرگ گینگ کے 9 ملزمان گرفتار کرلیے گئے، حکومتی کوششوں سے سعودی عرب میں گرفتار بے گناہ خاندان کو رہائی مل گئی۔وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کی خصوصی ہدایت پر خاندان کے 5 افراد واپس وطن پہنچ گئے۔ وزیرداخلہ رہائی پا کر وطن آنے والوں کے گھر پہنچے اور انہیں رہائی اور وطن واپسی پر مبارک باد دی۔
اس موقع پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی کا کہنا تھا کہ سعودی حکام کے تعاون کے مشکور ہیں، اے این ایف اسمگلنگ کے خلاف بہترین کام کر رہی ہے، سعودی حکام نے بیگناہ خاندان کو منشیات کیس سے کلیئرکردیا ہے، عوام مفت میں عمرہ کرانے والوں سے ہوشیار رہیں۔محسن نقوی کا کہنا تھا کہ منشیات فروشوں کے خلاف بڑے پیمانے پر کریک ڈاؤن کیا جا رہا ہے ، متاثرہ خاندان کو منشیات کیس میں پھنسا دیا گیا تھا، 48 گھنٹے میں گینگ پکڑ کر سعودی حکومت کے ساتھ تفصیل شیئرکی، اے این ایف نے زبردست کام کیا ورنہ یہ لوگ ساری زندگی واپس نہیں آسکتے تھے، اس گینگ میں 9لوگ شامل تھے جس میں ائیرپورٹ عملے کے لوگ بھی ملوث ہیں۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ منشیات میں ملوث کوئی بھی نام ہو ہم سے نہیں بچے گا، اے این ایف نے تعلیمی اداروں میں منشیات فروشی کے پھیلا کے خلاف کام شروع کردیا ہے۔
ڈی جی اے این ایف نے بتایا کہ 23 دسمبر کو ایک گروہ نے ایک خاندان کے بیگ کو اسمگلنگ کے لیے استعمال کیا، لاہور سے جدہ جانے والے ایک مسافر کے بیگ کا ٹیگ تبدیل کیا گیا، مسافر کے بیگ میں آئس رکھ دی گئی تھی۔ خاندان کے پانچوں افراد کو سعودی عرب میں حراست میں لیا گیا تھا۔ڈی جی اے این ایف نے بتایا کہ اے این ایف نے تمام انٹری اور ایگزٹ پوائنٹس کا جائزہ لیا، ایک پورٹر کو حراست میں لیکر تفتیش کی تو پورا گینگ بے نقاب ہوگیا، ڈی جی اے این ایف نے کہا تمام شواہد سعودی حکام کو دیے جس پر متاثرہ خاندان کی رہائی ممکن ہوئی۔
متاثرہ خاندان کا کہنا تھا کہ اس واقعے سے ہمیں بہت اذیت اور پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، وزیر داخلہ محسن نقوی اور حکومت کی بروقت کارروائی سے ہمیں مصیبت سے نجات ملی۔



