شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب’ کیا معاملات طے پائیں گے؟
جدہ کے گورنر نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف اور وفد کا استقبال کیا، جبکہ پاکستانی سفیر احمد فاروق،قونصل جنرل خالد مجید اور دیگر سفارتی عملہ بھی موجود تھا

اسلام آباد(کھوج نیوز) وزیراعظم میاں شہباز شریف کا دورہ سعودی عرب کے دوران کیا معاملات طے پائیں گے؟ اس حوالے سے تمام تر تفصیلات منظر عام پر آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جدہ کے گورنر نے ایئرپورٹ پر وزیراعظم شہباز شریف اور وفد کا استقبال کیا، جبکہ پاکستانی سفیر احمد فاروق،قونصل جنرل خالد مجید اور دیگر سفارتی عملہ بھی موجود تھا۔ وزیراعظم شہباز شریف سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان سے ملاقات کریں گے، جس میں پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے فروغ سمیت دیگر امور پر گفتگو کی جائے گی۔
اس کے بعد وزیراعظم شہبازشریف عمرہ کی سعادت بھی حاصل کرینگے وزیراعظم شہبازشریف روضہ رسول پر حاضری بھی دیں گے۔ قبل ازیں وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں بتایا گیا تھا وزیراعظم محمد شہباز شریف 19 سے 22 مارچ 2025 تک سعودی عرب کے سرکاری دورے پر ہیں۔ وزیرِ اعظم کے دورہِ سعودی عرب کا مقصد پاکستان اور سعودی عرب کے مابین دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانا، اقتصادی تعاون کو بڑھانا اور دونوں ممالک کے درمیان سرمایہ کاری کو فروغ دینا ہے۔