رواں برس ماہ رمضان میں پاکستان میں دہشت گردی کے کتنے حملےہوئے ؟رپورٹ جاری
تحقیقی ادارے کی رپورٹ کے مطابق پاکستان میں رواں سال ماہ رمضان کے دوران سب سے زیادہ عسکریت پسندوں کے حملے دیکھنے میں آئے ہیں

لاہور (کھوج نیوز) پاکستان انسٹیٹیوٹ فارپیس سٹڈیز کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان میں 2025 کے ماہ رمضان کے دوران کم از کم 84 حملے ریکارڈ کیے گئے۔ جب کہ اس کے برعکس گذشتہ سال کے رمضان کے دوران 26 حملے رپورٹ کیے گئے تھے۔
کالعدم تحریک طالبان پاکستان(ٹی ٹی پی)نے نومبر 2022 میں حکومت کے ساتھ یک طرفہ طور پر جنگ بندی ختم کر دی تھی، جبکہ کالعدم بلوچ لبریشن آرمی (بی ایل اے)نے منظم حملے کرنے کی اپنی صلاحیت میں اضافہ کیا ہے۔ان دونوں عوامل نے ملک میں تشدد میں اضافے میں اہم کردار ادا کیا ہے۔اس تحقیق کے مطابق، یہ ایک دہائی میں سکیورٹی اہلکاروں کے لیے سب سے زیادہ مہلک رمضان ثابت ہوا، جس میں دو مارچ سے 20 مارچ کے درمیان 56 اہلکار جان سے گئے۔
ماضی میں بعض عسکریت پسند گروہ ماہ رمضان کے دوران حملے روک دیتے تھے، لیکن حالیہ برسوں میں ملک میں مجموعی طور پر تشدد میں اضافہ دیکھا گیا ہے۔



