پیپلز پارٹی کو بڑا جھٹکا، سینئر سیاستدان اپنے خالق حقیقی سے جا ملے
پاکستان پیپلزپارٹی کے مرکزی سیکرٹری جنرل اور سینئر سیاستدان سینیٹر تاج حیدر مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے، ان کے جنازے و تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائیگا

کراچی (کھوج نیوز) پاکستان پیپلز پارٹی سمیت جیالوں کو بڑا جھٹکا لگ گیا ہے کیونکہ پیپلز پارٹی کے سینئر سیاستدان مختصر علالت کے بعد آج اپنے خالق حقیقی سے جا ملے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق اہلخانہ نے بتایا ہے کہ پیپلزپارٹی کے رہنما تاج حیدر مقامی اسپتال میں زیر علاج تھے، ان کے جنازے و تدفین کا اعلان بعد میں کیا جائیگا۔ تاج حیدر 83 برس کے تھے، وہ 8 مارچ 1942ء کو کوٹہ راجستھان کے علمی گھرانے میں پیدا ہوئے۔ تاج حیدر نے ابتدائی تعلیم گورنمنٹ بوائز ہائی اسکول رنچھوڑ لائن کراچی سے حاصل کی۔ تاج حیدر فنونِ لطیفہ کے میدان میں آئے اور ٹیلی وژن کے لیے بھی لکھا، تاج حیدر نے اپنے ڈرامہ سیریل آبلہ پا میں پروفیسر آڈی والا کا کردار ادا کیا تھا۔ تاج حیدر نے مختلف اخبارات میں کالم بھی لکھے۔
تاج حیدر کو2012ء میں ستارہ امتیاز برائے سائنسی خدمات دیا گیا۔ 2006ء میں انہیں تیرھواں پی ٹی وی ایوارڈ برائے مصنف بہترین ڈرامہ سیریل بھی دیا گیا۔ تاج حیدر نے 1967ء کے سوشلسٹ کنونشن میں شرکت کی،1967ء میں باقاعدہ طور پر پاکستان پیپلز پارٹی میں شمولیت اختیار کی۔ تاج حیدر کا شمار پاکستان پیپلز پارٹی کے بانی اراکین میں ہوتا تھا۔