نوازشریف کی سیاسی سرگرمیاں شروع ، ملاقات کے لیے پہلا وفد رائیونڈ پہنچ گیا
مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے لیے سابق وزیر اعلی بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اپنی جماعت کے وفد کے ہمراہ جاتی امرا رائیونڈ پہنچ گئے

رائیونڈ (کھوج نیوز)مسلم لیگ (ن)کے قائد نواز شریف سے ملاقات کے لیے سابق وزیر اعلی بلوچستان اور نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ اپنی جماعت کے وفد کے ہمراہ جاتی امرا رائیونڈ پہنچ گئے۔پارٹی ذرائع کے مطابق جاتی امرا میں ہونے والی اس اہم ملاقات کے موقع پر مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزرا اویس لغاری، احسن اقبال اور پرویز رشید بھی موجود تھے۔دونوں قائدین نے مجموعی ملکی صورتحال اور بلوچستان کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا ،اس کے علاوہ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے مہنگائی کی رفتار اور بجلی کی قیمتوں میں کمی کرنے پرمبارکباددی۔تفصیلات کے مطابق نواز شریف نے ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کو بی این پی رہنما اختر مینگل سے بھی رابطہ کرنے کی درخواست کی تاکہ بلوچستان میں جاری کشیدگی کم کی جا سکے۔
نواز شریف کی معاونت کے لیے سینئر لیگی رہنما خواجہ آصف، خواجہ سعد رفیق، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق بھی جاتی امرا رائیونڈ میں موجود تھے۔۔
