پاکستان

راولپنڈی چیمبر نے لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ) نگار جوہر کو خواتین کی آواز بنا دیا

لیفٹیننٹ جنرل(ریٹائرڈ)نگار جوہر خان آر سی سی آئی کی خواتین کے بااختیار بنانے کی سفیر مقرر

راولپنڈی(کھوج نیوز) راولپنڈی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری (RCCI) نے پاکستان کی پہلی تھری اسٹار خاتون جنرل، لیفٹیننٹ جنرل (ریٹائرڈ) نگار جوہر خان کو خواتین کے بااختیار بنانے اور متعلقہ اقدامات کے لیے اپنا برانڈ ایمبیسیڈر مقرر کر دیا ہے۔

ایک خصوصی تقریب آر سی سی آئی ہاؤس میں منعقد ہوئی جس کا عنوان تھا( شی لیڈز خواتین کو خراج تحسین ) اس تقریب کی مہمانِ خصوصی نگار جوہر خان تھیں، جنہوں نے ملک میں خواتین کی ترقی اور قیادت کے حوالے سے اہم خیالات کا اظہار کیا۔

آر سی سی آئی کے صدر عثمان شوکت نے اپنے خطاب میں نگار جوہر کی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا، وہ خواتین کے لیے ہمت، جذبے اور رکاوٹیں عبور کرنے کی علامت ہیں۔ وہ امید اور خوابوں کی روشن مثال ہیں جو نوجوان خواتین کے لیے مشعل راہ ہیں۔سہیل الطاف نے آر سی سی آئی کی جانب سے جامع ترقی اور خواتین کی شمولیت کے لیے جاری اقدامات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ ایسے پروگرام معاشرے میں خواتین کے کردار کو تسلیم کرنے کے لیے نہایت اہم ہیں۔

نگار جوہر نے خطاب میں آر سی سی آئی کی خواتین کے لیے سازگار ماحول فراہم کرنے کی کوششوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کو قیادت، ترقی اور مستقبل کی تشکیل کے مواقع فراہم کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے آر سی سی آئی کی مجوزہ واک کی بھی حمایت کی، جس میں فلسطینی سفیر کی شرکت متوقع ہے۔

نگار جوہر کا تعلق خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی سے ہے۔ انہوں نے 1981 میں آرمی میڈیکل کالج میں داخلہ لیا اور 1985 میں گریجویشن مکمل کی۔ انہوں نے آرمی میڈیکل کور کی کرنل کمانڈنٹ کے طور پر خدمات انجام دیں اور پاکستان آرمی کی تاریخ میں سب سے اعلی رینک حاصل کرنے والی خاتون افسر بن کر ملک کا نام روشن کیا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button