وزیراعلی پنجاب مریم نواز کی کسانوں کے لیے بڑے فنڈ کی منظوری
وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر کے 5 لاکھ 50 ہزار گندم کے کاشتکاروں کے لیے 15 ارب روپے کے گندم سپورٹ فنڈکی منظوری دے دی ہے

لاہور(کھوج نیوز)وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف نے صوبے بھر کے 5 لاکھ 50 ہزار گندم کے کاشتکاروں کے لیے 15 ارب روپے کے گندم سپورٹ فنڈکی منظوری دے دی ہے۔ اس فنڈ کے تحت کسانوں کو براہ راست مالی امداد کسان کارڈ کے ذریعے دی جائے گی۔وزیراعلی نے زراعت کے شعبے کے لیے ایک جامع پیکج کا اعلان بھی کیا، جس میں گندم کاشت کرنے والے کسانوں کے لیے موجودہ سال کے دوران آبپاشی ٹیکس سے مکمل استثنی شامل ہے۔
پیکج کے تحت گندم کی موسمی اثرات سے حفاظت اور مارکیٹ کے دباؤ سے بچانے کے لیے کسانوں کو 4 ماہ تک مفت الیکٹرانک ویئر ہاؤس رسید (EWR) کی سہولت دی جائے گی۔ کسان اس نظام کے تحت گندم ذخیرہ کرنے پر ایک برقی رسید حاصل کریں گے، جسے بینک میں جمع کروا کر 24 گھنٹوں کے اندر کل قیمت کا 70 فیصد تک قرض حاصل کیا جا سکے گا۔
اس کے علاوہ آٹے کی ملوں اور گرین لائسنس ہولڈرز کو گندم کی خریداری کے لیے بینک آف پنجاب سے لیے گئے 100 ارب روپے تک کے قرضوں پر سود کی رقم حکومت پنجاب ادا کرے گی۔فلور ملوں اور لائسنس یافتہ خریداروں کے لیے فوری اور لازمی گندم خریداری کی منظوری کابینہ سے لی جائے گی، جبکہ گوداموں میں گندم ذخیرہ کرنے کی حد کو کل صلاحیت کے 25 فیصد تک لازمی قرار دے دیا گیا ہے۔
بینک آف پنجاب نجی شعبے کو گوداموں کی تزئین و آرائش اور تعمیر کے لیے فنانسنگ فراہم کرے گا، جس پر حکومت پنجاب 5 ارب روپے کا مارک اپ ادا کرے گی تاکہ کسانوں کو بہتر ذخیرہ سہولیات فراہم کی جا سکیں۔اس کے علاوہ پنجاب اور اضلاع کی سرحدوں پر گندم اور آٹے کی نقل و حمل پر عائد پابندی ہٹا دی گئی ہے۔
وزیراعلی نے عزم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ کسی کسان کو نقصان نہیں ہونے دوں گی، اگر کسی نے گندم کاشت کی ہے تو اسے مکمل معاوضہ ملے گا۔