پاکستان

ملک ریاض کی تباہی کا سلسلہ جاری، سینکڑوں کینال اراضی واگزار

کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی 200 کنال سے زائد اراضی غیر قانونی طور پر پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی بحریہ ٹاؤن لاہور کو منتقل کی گئی تھی:نیب

لاہور(کھوج نیوز) قومی احتساب بیورو(نیب)کا کہنا ہے کہ ایک کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کی 200 کنال سے زائد اراضی غیر قانونی طور پر معروف پراپرٹی ٹائیکون ملک ریاض کی بحریہ ٹاؤن لاہور کو منتقل کی گئی تھی۔

نیب نے آفیشل ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ، ریونیو ڈیپارٹمنٹ اوربحریہ ٹاؤن لاہور کے حکام کے خلاف اس غیر قانونی منتقلی پر انکوائری کی ہے ۔ نیب کے بیان کے مطابق، انکوائری کے دوران معلوم ہوا کہ آفیشل ایمپلائز کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی لمیٹڈ کی 204 کنال اور 3 مرلے اراضی، جو کہ موضع مانک اور موضع بھائی کوٹ، تحصیل رائیونڈ، لاہور میں واقع ہے، غیر قانونی طور پربحریہ ٹاؤن کو منتقل کی گئی ہے۔

بیان میں مزید کہا گیا کہ ہاؤسنگ-V کے اسسٹنٹ رجسٹرار جہانزیب اکبر کی بروقت نشاندہی کی بدولت یہ پوری اراضی بحفاظت واپس حاصل کر لی گئی۔ نیب کے مطابق،متنازعہ اراضی اب اصل مالک، آفیشل ایمپلائز کوآپریٹو ہاسنگ سوسائٹی کو واپس منتقل کر دی گئی ہے۔

تاہم، نیب نے اس بارے میں کوئی وضاحت نہیں دی کہ یہ اراضی کس حکومت کے دور میں بحریہ ٹاؤن کو منتقل کی گئی پی ٹی آئی، نگران حکومت یا مسلم لیگ (ن)کے دور حکومت میں۔

ملک ریاض اس وقت متحدہ عرب امارات میں مقیم ہیں اور نیب نے ان کی انٹرپول کے ذریعے وطن واپسی کا عندیہ دیا ہے۔ نیب کے مطابق، حکومت قانونی ذرائع سے ملک ریاض کی یو اے ای سے واپسی کے لیے اقدامات کر رہی ہے۔ وہ برطانیہ کی نیشنل کرائم ایجنسی کے ذریعے 190 ملین پاؤنڈ کی وطن واپسی کے مقدمے میں بھی مطلوب ہیں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button