این اے 213 ضمنی انتخابات کے نتائج سامنے آگئے
عمر کوٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ 213 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار صبا تالپور نے میدان مار لیا' غیر حتمی غیر سرکاری نتائج

عمر کوٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ 213 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار صبا تالپور نے میدان مار لیا’ غیر حتمی غیر سرکاری نتائج
عمر کوٹ (کھوج نیوز) عمر کوٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ 213کے ہونے والے ضمنی انتخابات کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج سامنے آگئے ہیں کونسی جماعت نے کامیابی حاصل کی؟ تفصیل آگئی۔
تفصیلات کے مطابق عمر کوٹ میں قومی اسمبلی کے حلقہ 213 کے ضمنی انتخاب میں پاکستان پیپلز پارٹی کی امیدوار صبا تالپور نے میدان مار لیا،عمرکوٹ کے این اے 213 پر ضمنی انتخابات میں تمام 498 پولنگ اسٹیشنز کے غیر حتمی و غیر سرکاری نتائج آگئے۔ جس کے مطابق پیپلز پارٹی کی صبا تالپور ایک لاکھ 61 ہزار 934 ووٹ لے کر کامیاب ہوگئیں جبکہ آزاد امیدوار لال چند مالھی دوسرے نمبر پر رہے،ضمنی الیکشن میں کامیابی پر جیالوں نے جشن منایا جبکہ چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کامیابی پر صبا تالپور کو مبارکباد دی۔ غیر سرکاری نتیجے کے مطابق آزاد امیدوار لال چند 81 ہزار 160 ووٹ لیکر دوسرے نمبر پر رہے۔آزاد امیدوارلال چند نے نتائج مستردکردیے اور ڈی آر او آفس کے سامنے دھرنا دیا جبکہ مشتعل افراد نے ٹائروں کو آگ لگاکر سڑک بلاک کر دی اور آج ہڑتال کا اعلان کیا گیا۔
یہ بھی بتایاگیا تھا کہ ووٹنگ کے دوران مختلف جماعتوں کے کارکنوں کے درمیان تلخ کلامی بھی ہوئی جبکہ مخالف امیدواروں کی جانب سے ایک دوسرے پر دھاندلی کے الزامات بھی عائد کئے گئے۔حلقے میں مجموعی طور پر 18امیدوار مد مقابل تھے۔ ضمنی انتخاب میں پیپلزپارٹی کی امیدوار صبا تالپور اور جی ڈے اے کے حمایت یافتہ امیدوار لال چند مالھی میں سخت مقابلہ متوقع تھا۔عمر کوٹ کے ضمنی الیکشن میں کامیابی پر پیپلزپارٹی کے جیالوں کی جانب سے جشن منایا جارہا ہے اور مٹھائیاں تقسیم کی جارہی ہیں۔