بھارت نے حملہ کیا تو چائے نہیں، کچھ اور ملے گا: پاکستان کا دوٹوک پیغام
پاکستان کے علاوہ کینیڈا اور امریکا میں بھی انڈیا کی ریاستی دہشت گردی کے ثبوت سامنے آ چکے ہیں' عالمی برادری کو ان الزامات کی حقیقت جاننے کی ضرورت ہے

اسلام آباد(کھوج نیوز) مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر حملے کا الزام لگانے پر پاکستان نے بھارت کو دو ٹوک پیغام دیتے ہوئے کہا کہ حملہ کیا تو چائے نہیں کچھ اور ملے گا۔
تفصیلات کے مطابق مقبوضہ جموں و کشمیر کے علاقے پہلگام میں سیاحوں پر ہونے والے حملے کے بعد بھارتی میڈیا میں پاکستان کے خلاف الزامات کا ایک نیا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ انڈین میڈیا اور سلامتی امور کے ماہرین نے فوری طور پر بغیر کسی تحقیق یا ثبوت کے حملے کا الزام پاکستان پر ڈال دیا۔ تاہم پاکستان کی عوام، سابق سفارت کاروں، سیاسی رہنماں اور میڈیا شخصیات نے ان الزامات کی نہ صرف سختی سے تردید کی بلکہ 2019 میں ہونے والے سوئفٹ ریٹارٹ کی یاد دلا کر بھارت کو آئینہ دکھا دیا۔
پاکستان کے سابق سیکرٹری خارجہ جلیل عباس جیلانی نے انڈین میڈیا کے الزامات کو یکسر مسترد کر دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ یہ من گھڑت اور جھوٹا پروپیگنڈا ہے۔ فالس فلیگ آپریشنز انڈیا کی پرانی روایت ہیں۔ ہر بار ایسا واقعہ ہونے کے بعد بغیر کسی تحقیقات کے انڈیا پاکستان پر الزام لگا دیتا ہے۔ انہوں نے انڈین ایجنسیوں پر الزام عائد کرتے ہوئے کہا کہ ایسی دہشت گرد کارروائیوں میں خود انڈیا کی خفیہ ایجنسیاں بھی ملوث ہو سکتی ہیں۔
جلیل عباس جیلانی کا کہنا تھا کہ پاکستان کے علاوہ کینیڈا اور امریکا میں بھی انڈیا کی ریاستی دہشت گردی کے ثبوت سامنے آ چکے ہیں۔ عالمی برادری کو ان الزامات کی حقیقت جاننے کی ضرورت ہے۔ انڈیا میں پاکستان کے سابق ہائی کمشنر عبدالباسط نے ایکس (سابقہ ٹوئٹر) پر ردعمل دیتے ہوئے لکھا، مجھے یقین ہے کہ انڈیا کی کسی بھی قسم کی بزدلی کو ناکام بنانے کے لیے پاکستان پوری طرح تیار ہے۔ اس بار پاکستان کا جواب منہ توڑ ہو گا۔
پاکستان پیپلز پارٹی کی سینئر رہنما سینیٹر شیری رحمان نے پہلگام حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا، بدقسمتی سے انڈیا کی جانب سے ایسے حملوں کے بعد پاکستان پر الزام لگانا ایک معمول بن چکا ہے۔ انڈیا اپنی اندرونی ناکامیوں سے توجہ ہٹانے کے لیے یہ ہتھکنڈے استعمال کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہاکہ یہ توقع کی جا سکتی ہے کہ اب انڈیا کی دائیں بازو کی قوتیں، بغیر کسی تحقیق کے، پاکستان کی تباہی کے نعرے بلند کریں گی۔
پاکستانی میڈیا اور سوشل میڈیا صارفین نے بھی بھارتی پروپیگنڈے کا بھرپور جواب دیا ہے۔ اینکر غریدہ فاروقی نے اپنے پیغام میں لکھا، ہم سوئفٹ ریٹارٹ کے ساتھ تیار ہیں۔ اس بار حملے کی پہلی ہی کوشش میں آپ کو نشانہ بنایا جائے گا، انشا اللہ۔ یہی الفاظ کئی دیگر صحافیوں اور سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے بھی دہرائے گئے، جنہوں نے 27 فروری 2019 کی یاد تازہ کرتے ہوئے بھارت کو متنبہ کیا کہ اس بار کوئی برداشت نہیں کی جائے گی۔