پہلگام حملہ ،بھارتی ہائی کمیشن کے باہر احتجاج، مظاہرین مشتعل
اسلام آباد میں شہریوں نے بھارتی ہائی کمیشن کے باہر زور دار احتجاج کیا، جس میں بھارت کی جھوٹی الزامات اور جنگی جنون کے خلاف نعرے لگائے گئے

اسلام آباد (کھوج نیوز) اسلام آباد میں شہریوں نے بھارتی ہائی کمیشن کے باہر زور دار احتجاج کیا، جس میں بھارت کی جھوٹی الزامات اور جنگی جنون کے خلاف نعرے لگائے گئے۔یہ احتجاج دفتر خارجہ کے سامنے شروع ہوا، جہاں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور سول سوسائٹی کے لوگ اکٹھے ہوئے۔ مظاہرین نے بھارت پر آبی جارحیت کا الزام بھی لگایا۔
صورتحال کو کنٹرول میں رکھنے کے لیے پولیس اور ضلعی انتظامیہ کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے۔ ایک گھنٹے بعد مظاہرین کا ایک چھوٹا گروپ ڈپلومیٹک انکلیو کی طرف بڑھا اور گیٹ نمبر 2 (جسے دفتر خارجہ گیٹ بھی کہا جاتا ہے) سے اندر داخل ہونے کی کوشش کی، لیکن سیکیورٹی فورسز نے راستہ روک لیا اور گیٹ بند کر دیا۔
اس دوران ایک اور گروپ آیا، جس نے گیٹ پر چڑھ کر اندر چھلانگ لگا دی اور گیٹ کھول دیا۔ اس طرح مظاہرین انکلیو میں داخل ہو گئے اور بھارتی ہائی کمیشن کی جانب بڑھنے لگے۔ ہائی کمیشن کے باہر بھی سیکیورٹی اہلکار تعینات تھے تاکہ کوئی ناخوشگوار واقعہ نہ ہو۔مظاہرین نے بھارتی وزیر اعظم اور حکومت کے خلاف شدید نعرے بازی کی اور پرامن طریقے سے منتشر ہو گئے۔