پہلگام حملہ ،خطے میں جنگ کے بادل منڈلانے لگے،وزیر اعظم کا بڑا مطالبہ
وزیرِاعظم نے پاکستان کی طرف سے کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حالیہ حملے کی غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات پر آمادگی ظاہر کی ہے

ایبٹ آباد(کھوج نیوز )وزیرِاعظم شہباز شریف نے پاکستان کی طرف سے کشمیر کے علاقے پہلگام میں ہونے والے حالیہ حملے کی غیرجانبدار اور شفاف تحقیقات پر آمادگی ظاہر کی ہے۔پاکستان ملٹری اکیڈمی کاکول میں پاسنگ آؤٹ پریڈ سے خطاب کرتے ہوئے وزیرِاعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ پہلگام کا حالیہ سانحہ ایک بار پھر الزامات کے اس نہ ختم ہونے والے کھیل کا ثبوت ہے، جسے اب ختم ہونا چاہیے۔ پاکستان ہر طرح کی غیرجانبدار اور قابلِ اعتبار تحقیقات میں شامل ہونے کے لیے تیار ہے۔
انہوں نے بھارت پر الزام لگایا کہ وہ بغیر کسی ثبوت یا تحقیقات کے پاکستان پر جھوٹے الزامات لگا رہا ہے۔ شہباز شریف نے کشمیر کو پاکستان کی شہ رگ قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیری عوام کے حقِ خودارادیت کی مکمل حمایت جاری رکھے گا، جب تک وہ اپنی جدوجہد کے ذریعے اپنا حق حاصل نہیں کر لیتے۔
وزیرِاعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف ہمیشہ سخت مقف اپنایا ہے اور اس جنگ میں 90 ہزار جانیں اور 600 ارب ڈالر سے زائد کا نقصان برداشت کیا ہے۔