وفاقی وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے قومی اسمبلی اجلاس میں بھارت کا منصوبہ بے نقاب کر دیا
پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں اور ملک کی سا لمیت پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنا افسوسناک ہے:عطاتارڑ

اسلام آباد(کھوج نیوز)قومی اسمبلی کے اجلاس میں وزیر اطلاعات عطاتارڑ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں ہونے والی دہشتگردی کے تانے بانے بھارت سے ملتے ہیں اور ملک کی سا لمیت پر سیاسی پوائنٹ اسکورنگ کرنا افسوسناک ہے۔
عطاتارڑ نے کہا کہ پاکستان میں آپس کے سیاسی اختلافات ہیں، جن کا دفاعی یا خارجہ پالیسی سے کوئی تعلق نہیں، اور ان اختلافات کو دشمن کی بدنیتی سے جوڑنا غلط ہے۔ انہوں نے بھارت کو مکار اور بدنیت قرار دیتے ہوئے کہا کہ وہ بیوقوف بھی ہیں، اور ان کی منصوبہ بندی ناکام ہو گئی ہے۔ وزیر اطلاعات نے دعوی کیا کہ انہیں ایسے مقامات پر لے جایا گیا جہاں بھارت نے دہشتگردوں کے کیمپ ہونے کا دعوی کیا تھا، لیکن وہاں کچھ بھی نہیں تھا۔
عطاتارڑ نے بھارت کے تازہ ترین "پہلگام فالس فلیگ” حملے کو بہار الیکشن میں سیاسی فائدہ حاصل کرنے کی کوشش اور پاکستان کی ترقی کی راہ میں رکاوٹ ڈالنے کی سازش قرار دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ پہلگام پاکستان کی سرحد سے 150 سے 200 کلومیٹر دور واقع ہے، اور وہاں سے پاکستانیوں کا جا کر حملہ کرنا ممکن نہیں۔
انہوں نے مزید کہا کہ پہلگام پولیس اسٹیشن میں 10 منٹ میں ایف آئی آر درج ہونا بھارتی منصوبہ بندی کو بے نقاب کرتا ہے، اور بھارتی فوج کا یونٹ سکیورٹی فراہم کرنے میں ناکام رہا۔ عطاتارڑ نے بھارتی نیوی کے کمانڈر کلبھوشن یادیو کی گرفتاری کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ بھارت کی دہشتگردی میں ملوث ہونے کے ناقابل تردید شواہد موجود ہیں۔وزیر اطلاعات نے سکھوں کے بھارت کے مظالم کے خلاف اٹھائے گئے آوازوں کو سراہا اور سوال اٹھایا کہ جعفر ایکسپریس حملے کی پہلی فوٹیج بھارت تک کیسے پہنچی۔عطاتارڑ نے ایوان میں زور دیا کہ قومی سلامتی جیسے حساس معاملات پر سیاست کی بجائے اتحاد کا مظاہرہ کیا جائے تاکہ پاکستان کی مضبوطی کو مزید تقویت ملے۔