بلوچستان میں دہشت گردی، مودی حکومت خمیازہ بھگتنے کیلئے تیار رہے، آخری فیصلہ ہم کرینگے، پاک فوج کا اعلان
گرفتار دہشت گردوں نے بھارت کی پشت پناہی کا اعتراف کیا، بھارت خطے میں امن کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، 21 مئی کو بھارت کے حکم پر فتنہ الہندوستان نے یہ سب کچھ کیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) بلوچستان میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی، مودی حکومت خمیازہ بھگتنے کے لئے تیار رہے، آخری فیصلہ ہم کریں گے’ پاک فوج نے کھلا اعلان کر کے تھرتھرلی مچا دی ۔
تفصیلات کے مطابق سلام آباد میں سیکرٹری داخلہ کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے ڈائریکٹر جنرل (ڈی جی) انٹر سروسز پبلک ریلیشنز (آئی ایس پی آر) لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا ہے کہ پکڑے گئے دہشت گردوں نے بتایا ہے کہ فتنہ الہندوستان کیسے پاکستان میں دہشت گردی کرتا ہے۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ بھارت کی 20 سالہ ریاستی دہشت گردی پر بریفنگ دے رہے ہیں، 2009 میں حکومت پاکستان نے شواہد بھارت کے وزیرِ اعظم کو شرم الشیخ میں دیئے۔
لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ 2015 میں پاکستان نے بھارتی دہشت گردی کے شواہد اقوام متحدہ کو دیے اور 2019 میں بھی شواہد اقوام متحدہ کو دیے گئے، کلبھوشن یادیو کو یہاں گرفتار کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ فتنہ الہندوستان اپریل 2024 سے بلوچستان میں معصوم شہریوں کو قتل کر رہا ہے، 11 مارچ کو جعفر ایکسپریس میں خواتین اور بچوں سمیت 30 سے زائد شہریوں کو قتل کیا گیا، بھارت کے پاس ایسے کون سے ثبوت تھے جس کی بنیاد پر6 اور 7 مئی کو شہریوں پر حملے کیے گئے۔ ان کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس انٹیلی جنس تھی کہ وہ اپنے اثاثوں فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو فعال کریں گے، 6 اور 10 مئی کے درمیان فنتہ الہندوستان نے 33 دہشت گرد حملے کیے۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ گرفتار دہشت گردوں نے بھارت کی پشت پناہی کا اعتراف کیا، بھارت خطے میں امن کو سبوتاژ کرنا چاہتا ہے، 21 مئی کو بھارت کے حکم پر فتنہ الہندوستان نے یہ سب کچھ کیا، یہ بھارت کی دہشت گرد اور ظالم شکل ہے، ان حملوں میں کوئی بلوچیت اور پاکستانیت نہیں۔ انکا کہنا تھا کہ 12 اپریل 2024 کو 12 مزدوروں کو نوشکی میں شہید کیا گیا، 28 اپریل 2024 کو تمپ کیچ میں 2 مزدوروں کو شہید کیا گیا، بھارت کی ہدایت پر یہ عورتوں اور بچوں پر حملے کر رہے ہیں۔
انکا کہنا تھا کہ 7 مئی کو مریدکے، بہاولپور کا دورہ کرایا گیا، کیا وہاں کوئی ٹریننگ کیمپ تھا؟ وہاں تو بچے تھے، دہشت گرد کون ہے؟ کون انسانی حقوق کی کھلم کھلا پامالی کر رہا ہے؟ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ مسلمان پوچھ رہے ہیں کہ اس دہشت گردی کا انسانیت سے کیا تعلق ہے؟ یہ درندے بھارت کے پیسے اور احکامات پر یہ سب کر رہے ہیں، یہ کیا نظریہ ہے؟ یہ حیوانیت ہے، یہ فتنہ الہندوستان ہے، اس کا صرف ہندوستان سے تعلق ہے۔ ترجمان پاک فوج نے کہا کہ پہلے بھی دیکھایا تھا کہ جہلم میں ایک دہشتگرد کو پکڑا گیا تو حیران کن انکشافات ہوئے، 25 اپریل کو ایک دہشتگرد جہلم میں پکڑا جاتا ہے اس کے موبائل کے فرانزک سے حیران کن حقائق سامنے آئے، بھارتی ملٹری پاکستان میں دہشت گردی کروا رہی ہے، ہمارے پاس کئی ثبوت ہیں، ناقابل تردید شواہد ہیں۔
انہوں نے کہا کہ14 فروری کو ہرنائی میں 10 افراد کو آئی ای ڈی دھماکے میں شہید کیا گیا، جعفر ایکسپریس حملے میں معصوم شہری اور چھٹی پر جانے والے سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں کو شہید کیا گیا، 9 مئی کو لسبیلہ میں 3 معصوم حجاموں کو شہید کیا گیا۔لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری نے کہا کہ جب بھارت پاکستان پر ڈرونز اور میزائل پھینک رہا تھا اس وقت اس نے اپنی پراکسی کو بھی ایکٹیو کیا ہوا تھا، تنقید کی جاتی ہے اور کہا جاتا ہے کہ سرحد پر باڑ کیوں لگائی گئی۔
انہوں نے کہا کہ جب میانوالی کا واقعہ ہوا، تو بھارتی میڈیا نے اس کو گلیمرائز کیا، 6 اکتوبر 2024 کو کراچی میں چینیوں پر حملہ ہوتا ہے، را سے جڑے اکانٹس سے اس کو بتایا جاتا ہے، بھارتی میڈیا نے بزدلوں کی طرح خضدار واقعے پر جشن منایا، یہ کونسی دنیا کا ملک جو اس طرح خوشی سے اس طرح کے واقعات رپورٹ کر رہا ہے، دنیا کا کون سا ملک ہے جو دہشت گردی کے واقعات پر اس طرح سے جشن مناتا ہے؟ ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ دہشت گردوں کو پیسہ دیا جاتا ہے اور ہتھیار بھی دیے جاتے ہیں، فتنہ الخوارج اور فتنہ الہندوستان کو کون ہتھیار دے رہا ہے؟ ہندوستان دے رہا ہے۔ فتنہ الہندوستان کے دہشت گردوں کو جدید مہنگا اسلحہ کون خرید کر دے رہا ہے؟ ہندوستان۔
ڈی جی آئی ایس پی آر نے کہا کہ جنوری 2024 سے اب تک 4664 دہشت گردی کے واقعات ہوئے ہیں، آپریشنز میں 1018 دہشت گردوں کو ہلاک کیا گیا، یہ فتنہ الہندوستان پاکستان میں کچھ بھی نہیں کر سکے گی۔ لیفٹیننٹ جنرل احمد شریف چوہدری کا کہنا تھا کہ فتنہ الہندوستان کے ترجمان نے بھارتی میڈیا پر دہشت گردی کا پرچار کیا۔ بھارت میں آزاد میڈیا کا تو وجود ہی نہیں، سارا میڈیا بھارت کی اسٹیٹ کنٹرول کرتی ہے، دنیا جانتی ہے کہ بھارت کس طرح پاکستان میں دہشت گردی پھیلا رہا ہے، بہت سے بلوچ جب بھارت کا مکروہ چہرہ دیکھتے اور انہیں سمجھ آجاتی ہے تو وہ سرنڈر کر دیتے ہیں۔
ڈی جی آئی ایس پی آر کا کہنا تھا کہ پاکستان کی مسلح افواج سینہ تان کر کھڑی ہیں، 11 مئی کو فتنہ الہندوستان نے ایک بیان جاری کیا، بیان میں کہا گیا کہ بھارت پاکستان پر حملہ کرتا ہے تو یہ بھارت کے ساتھ مل کر لڑیں گے۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ بھارتی ریٹائرڈ جنرل چیخ رہا ہے کہ بلوچستان بلوچستان، یہ ہے وہ فتنہ الہندوستان، یہ ہیں ان کے ماسٹرز، یہ کہہ رہا ہے کہ کچھ کرو، بچوں کو مارو، کچھ کرو، یہ وہ گٹھ جوڑ ہے، ان کا بلوچیت سے کوئی تعلق نہیں، یہ فتنہ الہندوستان کا مکروہ چہرہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ معرکہ حق میں اللہ تعالی کی نصرت کے ساتھ بھارت کا منہ کالا کیا، 19 مئی کو فتنہ الہندوستان نے جعفر ایکسپریس حملے کی ویڈیو جاری کی، دنیا کا کون سا میڈیا جعفر ایکسپریس پر حملے کی ویڈیو دکھا رہا ہے؟ ہندوستانی میڈیا۔



