وزیراعظم شہبازشریف آذربائیجان پہنچ گئے سہ ملکی اجلاس میں شرکت بھی کریں گے
وزیراعظم شہباز شریف سہ فریقی اجلاس میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے ہمراہ شریک ہوں گے

اسلام آباد(کھوج نیوز)وزیراعظم شہبازشریف آذربائیجان پہنچ گئے سہ ملکی اجلاس میں شرکت بھی کریں گے،رپورٹ کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف ایران کا 2 روزہ سرکاری دورہ مکمل کرنے کے بعد آذربائیجان کے لیے روانہ ہوئے اور آذربائیجان کے شہر لاچین پہنچ گئے، جہاں وہ پاکستان-ترکیہ-آذربائیجان سہ فریقی اجلاس میں شرکت کریں گے۔لاچین ایئرپورٹ پر آذربائیجان کے وزیر خارجہ جیہون بیراموف، پاکستان کے سفیر قاسم محی الدین اور پاکستانی سفارت خانے کے دیگر سینئر افسران نے وزیراعظم اور ان کے وفد کا استقبال کیا۔
وزیراعظم شہباز شریف سہ فریقی اجلاس میں ترکیہ کے صدر رجب طیب اردوان اور آذربائیجان کے صدر الہام علییوف کے ہمراہ شریک ہوں گے، جہاں تجارت، توانائی، سیکیورٹی اور علاقائی تعاون پر اہم تبادلہ خیال متوقع ہے۔ اس موقع پر وزیراعظم کی آذربائیجان کے صدر سے دوطرفہ ملاقات بھی طے ہے۔وزیراعظم کے ہمراہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزیر اطلاعات عطا اللہ تارڑ اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی موجود ہیں۔
اس سے قبل وزیراعظم شہباز شریف نے ایران کا 2 روزہ سرکاری دورہ مکمل کیا، جہاں انہوں نے ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ سید علی خامنہ ای اور صدر ڈاکٹر مسعود پزشکیان سے علیحدہ علیحدہ ملاقاتیں کیں۔ ان ملاقاتوں میں دوطرفہ تعلقات، علاقائی روابط، تجارت اور سیکیورٹی کے امور زیر غور آئے۔