بشریٰ بی بی توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت کے موقع پر غیر حاضر، عدالت کا اظہار برہمی
توشہ خانہ ٹو کیس میں بشری بی بی نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر احتجاجا عدالت میں پیش ہونے سے انکار کردیا جس پر سماعت نہ ہوسکی، عدالت نے اظہار برہمی کیا

راولپنڈی(کھوج نیوز)توشہ خانہ ٹو کیس میں بشری بی بی نے عمران خان سے ملاقات نہ ہونے پر احتجاجا عدالت میں پیش ہونے سے انکار کردیا جس پر سماعت نہ ہوسکی، عدالت نے اظہار برہمی کیا جب کہ پراسیکیوشن نے ان کے بغیر کیس چلانے کا مطالبہ کردیا۔بانی پی ٹی آئی عمران خان اور بشری بی بی کے خلاف توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت اڈیالہ جیل میں قائم عدالت میں اسپیشل جج سینٹرل شاہ رخ ارجمند کے روبرو ہوئی۔ عمران خان کے وکلا اڈیالہ جیل پہنچے۔ سینیٹرعلی ظفر، عثمان ریاض گل، چوہدری ظہیر عباس، گیٹ پانچ پہنچے، وکیل خالد یوسف چوہدری، نعیم پنجھوتھہ، علی اعجاز بٹر، تابش فاروق، سردار قدیر، مبشر مقصود اعوان بھی اڈیالہ جیل پہنچے۔بانی پی ٹی آئی عمران خان کو کمرہ عدالت میں پیش کیا گیا جب کہ بشری بی بی نے بطور احتجاج کمرہ عدالت میں آنے سے انکار کردیا۔ عدالت نے جیل حکام کو بشری بی بی کو لانے کی ہدایات جاری کیں۔
جیل حکام نے عدالت کو بتایا کہ بشری بی بی نے عدالت آنے سے انکار کر دیا ہے ان کا موقف ہے کہ منگل کو بانی پی ٹی آئی سے ملاقات نہیں کروائی گئی اس لیے عدالت نہیں آں گی، عدالت نے کیس کی سماعت کیلئے ساڑھے تین گھنٹے تک انتظار کیا مگر بشری بی بی نہ آئیں جس کے سبب چار گواہوں کے بیان ریکارڈ نہ ہوسکے۔عدالت نے بشری بی بی کے عدالت نہ آنے پر برہمی کا اظہار کیا اور کہا کہ ملزمہ کو ایک موقع دیا جا رہا ہے آئندہ سماعت پر نہ آئیں تو اس کیس میں ضمانت منسوخی کے احکامات جاری کردیے جائیں گے۔پراسیکیوشن نے توشہ خانہ ٹو کیس میں بشری بی بی کی ضمانت منسوخ کرنے پر اصرار کیا۔ اسپیشل پراسیکوٹر ذوالفقار عباس نقوی نے کہا کہ عدالت اپنے اختیارات کا استعمال کرتے ہوئے بشری بی بی کے بغیر ہی کیس کی سماعت کو آگے بڑھائے۔عدالت نے بشری بی بی کو حاضری کا ایک موقع دیتے ہوئے توشہ خانہ ٹو کیس کی سماعت تین جون تک ملتوی کردی۔