بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو پہلگام حملے کا ذمہ دار قرار دیدیا
پارلیمانی وفد کے سربراہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت نے دہشتگردوں کو پیسے دے کر اپنے ہاں دہشتگردی کروائی ہے

لندن (کھوج نیوز ڈیسک)بلاول بھٹو زرداری نے بھارت کو پہلگام حملے کا ذمہ دار قرار دیدیا،رپورٹص کے مطابق پاکستان کے پارلیمانی وفد کے سربراہ اور چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت نے دہشتگردوں کو پیسے دے کر اپنے ہاں دہشتگردی کروائی ہے۔چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن میں نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت دہشت گردوں کی فنڈنگ کر کے پاکستان میں کارروائیاں کرواتا ہے، پاکستان پر بھارت نے الزام لگائے تو دنیا بھارت کے ساتھ کھڑی نہیں ہوئی۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا بیانیہ جھوٹ پر مبنی ہے، پاکستان سمجھتا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، بھارت پاکستان کا پانی بند نہیں کر سکتا، بھارت قانونی طور پر سندھ طاس معاہدے کو ختم نہیں کر سکتا، پاکستان کا موقف واضح ہے پاکستان کا پانی روکنا اعلان جنگ ہے۔بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان کو دھمکی دینا بھی یو این چارٹر کی خلاف ورزی ہے، پوری دنیا کو معلوم ہے کہ بھارت نے سکھ کارکنوں کو قتل کیا ہے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے کہا کہ مسائل کا حل مذاکرات کے ذریعے ہی ہوسکتا ہے، بھارت بھی جانتا ہے کہ پاکستان کا پہلگام حملے سے کوئی تعلق نہیں، بھارتی وزیر خارجہ صرف جنگ کی باتیں کرتے ہیں۔