نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ترکیہ میں کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلاس میں شرکت کے لئے کب جائیں گے؟شیڈول آگیا
اسحق ڈار 21-22 جون 2025 کو ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقد ہونے والی 51ویں او آئی سی کونسل آف فارن منسٹرز(سی ایف ایم)کے اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول کا دورہ کریں گے

اسلام آباد(کھوج نیوز)نائب وزیراعظم اسحاق ڈار ترکیہ میں کونسل آف فارن منسٹرز کے اجلاس میں شرکت کے لئے کب جائیں گے؟شیڈول آگیا,رپورٹ کے مطابق پاکستان کے نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحق ڈار 21-22 جون 2025 کو ترکیہ کے شہر استنبول میں منعقد ہونے والی 51ویں او آئی سی کونسل آف فارن منسٹرز(سی ایف ایم)کے اجلاس میں شرکت کے لیے استنبول کا دورہ کریں گے۔دفتر خارجہ سے جاری بیان کے مطابق ترکیہ کے ایوانِ صدر میں ہونے والے اس اجلاس کے دوران وزیر خارجہ اسحاق ڈار جنوبی ایشیا میں حالیہ کشیدگی، پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگ بندی کے بعد کی صورتحال اور مشرق وسطی میں حالیہ اسرائیلی حملوں کے بارے میں پاکستان کا موقف پیش کریں گے۔
پاکستانی وفد مشرق وسطی میں امن قائم کرنے اور غزہ کے عوام کو انسانی امداد فراہم کرنے کی ضرورت پر زور دے گا، وزیر خارجہ عالمی برادری سے مطالبہ کریں گے کہ وہ اسلاموفوبیا کے بڑھتے ہوئے رجحان کے خلاف فیصلہ کن اقدامات کرے، اور دہشتگردی، انتہا پسندی، اور موسمیاتی تبدیلی جیسے عالمی مسائل کے حل کے لیے ہنگامی اقدامات کیے جائیں۔وزیر خارجہ او آئی سی کے مقاصد اور اصولوں کے لیے پاکستان کی غیرمتزلزل حمایت کا اعادہ کریں گے اور مسلم امہ کو درپیش مسائل کے حل کے لیے پاکستان کی کوششوں کو اجاگر کریں گے۔ اس کے علاوہ وزیر خارجہ اپنے دورے کے دوران دیگر او آئی سی رکن ممالک کے رہنماں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔اجلاس سے قبل وہ ترکِیہ کے صدر رجب طیب اردوان کو او آئی سی یوتھ فورم گریڈ یوتھ ایوارڈ کے اعزاز میں دیے جانے والے ایوارڈ کی تقریب میں شرکت کریں گے۔