ہوشیار خبردار … بارشیں ہی بارشیں، ہائی الرٹ جاری
شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان' سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں

لاہور(کھوج نیوز) ہوشیار خبردار …… بارشیں ہی بارشیں، نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے پنجاب اور خیبرپختونخوا سمیت سندھ کے بیشتر علاقوں میں ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے )کا کہنا ہے کہ سندھ کے مختلف اضلاع میں اگلے 48 گھنٹوں کے دوران موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے کے مطابق چترال، سوات، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، بنوں، وزیرستان میں موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ این ڈی ایم اے نے ہدایت کی کہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا امکان ہے لہذا سیلاب اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے سے دوچار علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔ این ڈی ایم اے نے بتایاکہ کراچی، حیدرآباد، سکھر، تھرپارکر، بدین، عمرکوٹ سمیت دیگر اضلاع میں شدید بارش کی پیش گوئی ہے جبکہ اسلام آباد، لاہور، راولپنڈی، فیصل آباد، گوجرانوالہ، میانوالی میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔