دریائے سوات حادثہ، وزیراعلیٰ ان ایکشن، افسران کی قلابازیاں
اجلاس میں جائے حادثے پرپولیس کی غیر موجودگی پر ایس پی سے وضاحت طلب کی گئی اور ساتھ ہی ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا

پشاور (کھوج نیوز) گذشتہ روز ہونے والے دریائے سوات حادثے کے بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا ایکشن میں آگئے اور بڑا حکمنامہ جاری کر دیا جس کے بعد افسران کی قلا بازیاں لگ گئی ہیں۔
تفصیلا ت کے مطابق ترجمان وزیراعلیٰ نے کہا کہ دریائے سوات کے کنارے تجاوزات کے خلاف بھرپور کارروائی کا فیصلہ کیاگیا ہے جس کے تحت ضلعی انتظامیہ کو دریا کے اطراف غیر قانونی تعمیرات فوری گرانے کی ہدایت کردی گئی ہیں۔ ترجمان کے مطابق تمام ہوٹلز کو مستقل بنیادوں پر رجسٹرڈ کرنیکا فیصلہ کیاگیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلی کے پی کی ہدایات پر سوات میں چیف سیکرٹری کی زیرصدارت اجلاس ہوا جس میں صوبائی وزرا، ترجمان وزیراعلی، ایم پی ایز اور اعلی سرکاری افسران نے شرکت کی۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں جائے حادثے پرپولیس کی غیر موجودگی پر ایس پی سے وضاحت طلب کی گئی اور ساتھ ہی ذمہ داروں کیخلاف کارروائی کا فیصلہ کیا گیا۔ ذرائع نے بتایا کہ سیلابی صورتحال میں لائف جیکٹس اور رسیوں کی ترسیل کے لیے ڈرونز خریدنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، دریائے سوات سمیت مختلف مقامات پر تجاوزات کوبلا تفریق ختم کرنے کے احکامات جاری کیے گئے ہیں۔ اس کے علاوہ دریا کنارے قانونی وغیر قانونی مٹی نکالنے کی سرگرمیاں فوری بند کرنے اور بغیر اجازت تعمیر شدہ ہوٹلز کو فوری ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔