پاکستان

پاکستان کی معیشت مستحکم راہ پر، ریٹنگ میں بہتری کی امید: وزیر خزانہ کی موڈیز کو بریفنگ

محمد اورنگزیب نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی ٹیم کو ایک اہم ورچوئل اجلاس میں پاکستان کی معیشت، اصلاحاتی ایجنڈے اور مستقبل کے معاشی امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی

اسلام آباد(کھوج نیوز)پاکستان کی معیشت مستحکم راہ پر، ریٹنگ میں بہتری کی امید: وزیر خزانہ کی موڈیز کو بریفنگ،رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیرِ خزانہ و محصولات سینیٹر محمد اورنگزیب نے عالمی کریڈٹ ریٹنگ ایجنسی موڈیز کی ٹیم کو ایک اہم ورچوئل اجلاس میں پاکستان کی معیشت، اصلاحاتی ایجنڈے اور مستقبل کے معاشی امکانات پر تفصیلی بریفنگ دی۔وزیر خزانہ نے موڈیز کو بتایا کہ پاکستان نے آئی ایم ایف پروگرام کے تحت حالیہ جائزہ کامیابی سے مکمل کیا ہے، جس کے نتیجے میں نہ صرف پروگرام کی اگلی قسط موصول ہوئی بلکہ ریزیلینس اینڈ سسٹین ایبلیٹی فیسلٹی (RSF) میں بھی پیشرفت ہوئی ہے۔انہوں نے رواں مالی سال کے بجٹ میں کیے گئے اہم اقدامات، تجارتی اصلاحات، برآمدات پر مبنی ترقی، اور حکومتی کفایت شعاری پر بھی روشنی ڈالی، جبکہ امریکا کے ساتھ ترجیحی تجارتی رسائی سے متعلق مثبت پیشرفت کا بھی ذکر کیا۔

وزیر خزانہ نے موڈیز کو بتایا کہ پاکستان عالمی مالیاتی منڈیوں سے دوبارہ جڑنے کے لیے فعال حکمتِ عملی پر عمل کر رہا ہے۔ اس ضمن میں مشرقِ وسطی کی مارکیٹ سے ایک ارب ڈالر کا کمرشل معاہدہ، پانڈا بانڈ کے اجرا اور یوروبانڈ کے دوبارہ اجرا کی تیاری جیسے اہم اقدامات کیے گئے ہیں۔وزیر خزانہ نے پاکستان کی معاشی بہتری کے اشاریے بھی پیش کیے، جن میں* مہنگائی میں کمی،* پالیسی ریٹ میں کمی،* روپے کی قدر میں استحکام،* کرنٹ اکانٹ سرپلس،* ترسیلات زر میں اضافہاور * زرمبادلہ کے ذخائر جون کے آخر تک 14 ارب ڈالر سے تجاوزکرجانا شامل ہیں۔

انہوں نے ٹیکس ٹو جی ڈی پی تناسب کو بڑھانے کے لیے ڈیجیٹل نظام، ٹیکنالوجی پر مبنی اصلاحات اور ٹیکس نیٹ کے دائرہ کار کو وسعت دینے کی حکومتی کوششوں پر بھی زور دیا۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت کا ہدف ہے کہ اگلے 2 برس میں ٹیکس ٹو جی ڈی پی کی شرح 13 سے 13.5 فیصد تک پہنچائی جائے۔موڈیز ٹیم کے سوالات کا تفصیلی جواب دیتے ہوئے وزیر خزانہ اور ان کی ٹیم نے یقین دلایا کہ پاکستان نجکاری، ادارہ جاتی اصلاحات اور سرکاری شعبے کی بہتری کے ایجنڈے پر سنجیدگی سے عمل کر رہا ہے، اور عالمی اعتماد کی بحالی کے لیے پرعزم ہے۔وزیر خزانہ نے امید ظاہر کی کہ موڈیز اور دیگر ریٹنگ ایجنسیز پاکستان کی معاشی پیشرفت کو تسلیم کریں گی، جس سے ملک کی عالمی مالیاتی رسائی مزید بہتر ہو گی اور بیرونی شعبہ مستحکم ہوگا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان پائیدار ترقی، اصلاحات اور مالی نظم و ضبط کی راہ پر ثابت قدم ہے، اور یہ اعتماد ہی ہمارے مستقبل کی بنیاد ہے۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button