پاکستان
سوشل میڈیا استعمال کرنے کیلئے عمر کی حد کتنی ہونی چاہیے؟ بل پیش کر دیاگیا
سوشل میڈیا صارف کی عمر کم از کم 16 سال ہوگی، سوشل میڈیا پلیٹ فارم کم عمر صارف کو اکاؤنٹ بنانے سے روکے گا: سینیٹ میں پیش کیا گیا بل

اسلام آباد(کھوج نیوز) سوشل میڈیا استعمال کرنے کے لئے عمر کی حد کتنی ہونی چاہیے؟ اس حوالے سے سینیٹ میں بل پیش کر دیا گیا ہے جس کی تفصیلات بھی منظر عام پر آگئی ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سینیٹ میں پیش کیے جانے والے بِل میں لکھا ہے کہ سوشل میڈیا صارف کی عمر کم از کم 16 سال ہوگی، سوشل میڈیا پلیٹ فارم کم عمر صارف کو اکانٹ بنانے سے روکے گا۔ بِل میں تجویز دی گئی ہے کہ اگرسوشل میڈیا پلیٹ فارم کم عمر بچے کو اکاؤنٹ بنانے کی اجازت دے تو اسے 50 ہزار سے 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔ بِل میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی اے کم عمر بچوں کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس کوبلاک کرے گا اور ایسے اقدامات کرے گا کہ کم عمر بچے اکاؤنٹ نہ بناسکیں ۔ بِل کے مطابق کم عمربچے کو اکاؤنٹ بنانے میں سہولت دینے والے کوبھی 6 ماہ تک قید اور 50 ہزار سے 50 لاکھ روپے تک جرمانہ ہوگا۔