سیلاب سے متاثرہ گلگت بلتستان کیلئے بڑے امدادی پیکیج کا اعلان
بارشوں میں آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں جانی و مالی نقصانات ہوئے، وفاقی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومت اور عوام کیساتھ ہے

اسلام آباد(کھوج نیوز) وزیراعظم شہباز شریف کے زیر صدارت ہونے والے اجلاس میں سیلاب سے متاثرہ گلگت بلتستان کے لئے بڑے امدادی پیکیج کا اعلان کر دیا ہے ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں حالیہ مون سون بارشوں سے جانی و مالی نقصانات پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اجلاس میں حالیہ مون سون بارشوں کے باعث آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان میں ہونے والے جانی و مالی نقصانات کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ وزیراعظم نے اجلاس سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حالیہ بارشوں میں ملک بھر میں خاص طور پر آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں جانی و مالی نقصانات ہوئے، وفاقی حکومت دکھ کی اس گھڑی میں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان حکومت اور عوام کیساتھ ہے۔ وزیراعظم نے متاثرین سے اظہار یکجہتی کے لئے گلگت بلتستان کا جلد دورہ کرنے کا بھی اعلان کیا۔ انہوں نے کہاکہ نقصانات کے ہر ممکن ازالے کے لیے وفاقی حکومت کی طرف سے امدادی پیکیج دیا جائیگا۔ وزیراعظم نے تمام متعلقہ اداروں کو آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان انتظامیہ سے مل کر ہونے والے نقصانات کا تخمینہ لگانے کی ہدایت کی۔