پاکستان

کراچی میں ہماری گرفت مضبوط نہیں، ہزاروں سرکاری رہائشگاہوں پر قبضہ ہے: وزیر ہاؤسنگ کا اعتراف

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ نے بتایا کہ کراچی میں 3500 سرکاری رہائش گاہیں غیر مجاز افراد کے قبضے میں ہیں، کراچی میں ابھی ہماری گرفت نہیں بنی

اسلام آباد: وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ ریاض حسین پیرزادہ کا کہنا ہے کراچی میں ہزاروں سرکاری رہائشگاہوں پر غیر مجاد افراد کا قبضہ ہے، ابھی کراچی میں ہماری گرفت مضبوط نہیں ہوئی۔

قومی اسمبلی اجلاس میں وقفہ سوالات کے دوران ایک سوال کا جواب دیتے ہوئے وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ کا کہنا تھا اسلام آباد اور لاہور میں کوئی بھی سرکاری رہائش گاہ غیر مجاز افراد کے قبضے میں نہیں ہے۔

انہوں نے ایوان کو بتایا کہ وفاقی کابینہ کی ہدایت پر تمام سرکاری رہائش گاہوں کا سروے کروایا گیا، غیر قانونی قابضین سے 742 مکانات کا قبضہ ختم کرا کر قانونی الاٹیز کو الاٹ کیے ہیں۔

وفاقی وزیر برائے ہاؤسنگ نے بتایا کہ کراچی میں 3500 سرکاری رہائش گاہیں غیر مجاز افراد کے قبضے میں ہیں، کراچی میں ابھی ہماری گرفت نہیں بنی، سندھ پولیس کی مدد سےمکانات خالی کرا رہے ہیں، سندھ پولیس کی معاونت سے ماہانہ 10 سے 15 یونٹس خالی کروائے جاتے ہیں۔

ریاض حسین پیرزادہ نے کہا کہ غیر مجاز ریٹائرڈ وفاقی ملازمین کی پنشن سے اے جی پی آر کے ذریعے 4 کروڑ روپے وصول کیے گئے، مزاحمت کرنے والے غیر قانونی قابضین کے خلاف مقدمات بھی درج کیے ہیں۔

وفاقی وزیر ہاؤسنگ نے ایوان کو بتایا کہ اسلام آباد کا جی 13 کا پورا سیکٹر بغیر منصوبہ بندی کے بنا ہے، کئی فلیٹس کا پانی تک نکلنےکا کوئی راستہ نہیں ہے، فلیٹ ایسے سیکٹر میں بنائے گئے ہیں جہاں پانی نہیں ہے، مجھے ان فلیٹس کا پانی پورا کرنے کے لیے پورے سیکٹر کا پانی کسی ڈیم سے لینا پڑے گا۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button