مریم نواز نے سیلاب متاثرین کیلئے بڑی خوشخبری کا اعلان کر دیا

لاہور(کھوج نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سیلاب متاثرین کے لئے بڑی خوشخبری کا اعلان کر دیا ہے اور اس حوالے سے تمام کیا لائحہ عمل اپنایا جائے گا؟ اندرونی کہانی سامنے آگئی ۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی سربراہی میں ہونے والی صوبائی کابینہ کے اجلاس میں سیلاب متاثرین کے لیے حتمی امدادی پیکج کے ساتھ متاثرین کو17 اکتوبر سے امدادی رقوم کے چیک کی تقسیم شروع کرنے کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں طے پایا کہ جاں بحق فرد کے لواحقین کو 10 لاکھ، مستقل معذوری پر 5 لاکھ اور معمولی معذوری پر 3 لاکھ دیئے جائیں گے، اسی طرح پکا گھرمکمل گرنے پر 10 لاکھ اور جزوی طور پر گرنے پر3 لاکھ جب کہ کچا گھر مکمل گرنے پر 5 لاکھ اور جزوی طور پر گرنے پر ڈیڑھ لاکھ تک امداد دی جائے گی۔
دوران اجلاس سیلاب کے دوران 25 فیصد فصل کے نقصان پر 20ہزار فی ایکڑ کے ساتھ پنجاب کے 2855 دیہات میں آبیانہ اور ایگری کلچر انکم ٹیکس معاف کرنے کا اصولی فیصلہ کیا گیا۔ اجلا س میں پنجاب کے خلاف جھوٹ پھیلانے کے ٹرینڈ کی مذمت کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ سب سیلاب متاثرین کو امداد ملے گی اور دریا کی گزرہ گاہ میں تعمیرات کی اجازت نہیں ملے گی۔ کابینہ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بڑے مویشی پر 5 لاکھ تک اور چھوٹے جانوروں کے مرنے پر 50 ہزار روپے دیے جائیں گے، سیلاب کے دوران شاندار خدمات پر سول ڈیفنس رضاکاروں کی تنخواہوں میں 15 ہزار اضافے کا اعلان کیا گیا ہے۔