کراچی میں بے جا لوڈشیڈنگ، سینیٹ میں کے الیکٹرک پر تابڑ توڑ حملے

کراچی (کھوج نیوز) کراچی کے مختلف علاقوں میں بے جا لوڈشیڈنگ ہونے کی وجہ سے سینیٹ میں کے الیکٹرک پر تابڑ توڑ حملے کیے گئے جس پر سینیٹر مسرور احسن نے بھی جواب جمع کروا دیا۔
تفصیلات کے مطابق پیپلز پارٹی کے سینیٹر وقار مہدی نے عوامی اہمیت کا مسئلہ سینیٹ میں اٹھاتے ہوئے کہا کہ کے الیکٹرک بجلی فراہم کرنے والی پاکستان کی واحد نجی کمپنی ہے، ہفتے کے3 سے 4 دن کراچی کے مختلف علاقوں میں لوڈشیڈنگ ہوتی ہے،لوڈشیڈنگ کا معاملہ کچھ علاقوں تک محدود نہیں بلکہ پورے کراچی میں ہے۔ انہوں نے کہا کہ گیس کا معاملہ بھی ایسے ہی ہے گیس کی بھی مسلسل لوڈشیڈنگ ہورہی ہے۔
دوسری جانب سینیٹر مسرور احسن نے بھی لوڈ شیڈنگ کے مسئلے پر ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ پونے3 کھرب تک واجب الادا رقم سرکاری اداروں کے ذمہ ہیں، ہمارا10 ہزار کا بل جمع نہ ہو تو میٹر کاٹ دیے جاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آگے رمضان آ رہا ہے، اعلان ہوں گے کہ افطار اور سحری میں لوڈشیڈنگ نہیں ہوگی لہذا اس مسئلہ کو سنجیدگی سے دیکھا جائے۔



