پی آئی اے خریدنے کے بعد عارف حبیب کا پہلا بیان سامنے آگیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) قومی ایئر لائن پی آئی اے کو خریدنے کے بعد عارف حبیب گروپ کے چیئرمین عارف حبیب کا پہلا بیان سامنے آگیا، انہوں نے کیا کہا؟ تمام تفصیلات سامنے آگئیں۔
تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں عارف حبیب کنسورشیم کی جانب سے قومی ائیر لائن پی آئی اے کو خریدنے کے لیے 135 ارب روپے کی کامیاب بولی کے بعد عارف حبیب کا کہنا تھا کہ آج کی نجکاری سے ملک میں سرمایہ کاری کو فروغ ملے گا اور بیرون ملک سے سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری کریں گے۔ عارف حبیب کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے بولی کا کامیاب انعقاد کرایا، پرائیویٹائزیشن کمیشن اور کابینہ کو بھی اس سارے عمل کا کریڈٹ جاتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس ائیرلائن کو دوبارہ سے عظیم بنانے کے لیے محنت کریں گے، اس سے پاکستان کی معیشت کو بھی فائدہ ہوگا، مجھے لگتا ہے اس سے نجکاری کے اور راستے کھلیں گے، پرائیویٹائزیشن کمیشن نے شفاف طریقے سے سارا عمل مکمل کیا۔



