غزہ میں پائیدار امن کیلئے بورڈ آف پیس، پاکستان نے دعوت قبول کرلی

اسلام آباد(کھوج نیوز) پاکستان نے غزہ میں پائیدار امن کے لئے بورڈ آف پیس میں شمولیت کی دعوت قبول کرلی، اس حوالے سے ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات کی تصدیق کر دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان دفترخارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی صدرڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے وزیراعظم شہبازشریف کو بورڈ آف پیس میں شامل ہونے کی دعوت دی گئی تھی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قرارداد 2803 کے تحت غزہ امن منصوبے کی حمایت کا اعلان کیا، بورڈ آف پیس کا مقصد غزہ میں مستقل جنگ بندی کے لیے عملی اقدامات کرنا ہے۔
ترجمان کے مطابق پاکستان نے فلسطینی عوام کے لیے انسانی امداد میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا ہے، پاکستان نے فلسطینی عوام کے حقِ خودارادیت کی بھرپورحمایت کا اعادہ بھی کیا۔ ترجمان کے مطابق پاکستان آزاد، خودمختارفلسطینی ریاست کے قیام کی حمایت کرتا ہے، پاکستان کامؤقف ہے کہ1967 سے قبل کی سرحدوں پر مشتمل فلسطینی ریاست قائم کی جائے جس کا دارالحکومت القدس الشریف ہو۔ ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان فلسطینی عوام کے دکھ درد کے خاتمے کے لئے تعمیری کردار ادا کرتا رہیگا، بورڈ آف پیس کے پلیٹ فارم سے امن کے لیے عملی پیش رفت کی امید ہے۔



