بلوچستان میں پہلی مرتبہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے بھرتیوں کا عمل مکمل

بلوچستان (کھوج نیوز) پاکستان کی تاریخ میں پہلی مرتبہ صوبہ بلوچستان میں آرٹیفیشل انٹیلی جنس کی مدد سے بھرتیوں کا عمل مکمل کرلیا گیا ہے، یہ بھرتیاں کونسے محکمے میں کی گئی تھیں۔
تفصیلات کے مطابق 18 جنوری بلوچستان کی انتظامی تاریخ میں ایک سنگِ میل کی حیثیت رکھتا ہے، ایسا لمحہ جو نہ صرف صوبے بلکہ پورے پاکستان میں سرکاری بھرتیوں کے طریقہ کار کو نئی سمت دے سکتا ہے۔ ایک ایسا صوبہ جو طویل عرصے سے نااہلی، اقربا پروری اور سفارشی کلچر کی زد میں رہا ہے، وہاں چار گھنٹوں پر محیط ایک غیر معمولی تجربے نے یہ ثابت کر دیا کہ مصنوعی ذہانت (اے آئی) کے ذریعے سرکاری بھرتیوں میں انسانی تعصب کا مکمل خاتمہ ممکن ہے۔ یہ پہلا موقع تھا کہ صوبائی محکمہ خزانہ میں سب اکانٹنٹس کی 100 سے زائد آسامیوں پر بھرتی کا پورا عمل مکمل طور پر اے آئی پر مبنی نظام کے تحت انجام دیا گیا۔
سوالات کی تیاری سے امتحان، جانچ، شارٹ لسٹنگ اور حتی کہ تقرری کے احکامات کے اجرا تک، ہر مرحلہ الگورتھم کے ذریعے مکمل ہوا۔ اس عمل کا اختتام اس وقت ہوا جب وزیراعلی بلوچستان سرفراز بگٹی نے خود کامیاب امیدواروں میں تقرری کے خطوط تقسیم کیے، جن کا انتخاب کسی سلیکشن بورڈ نے نہیں بلکہ ایک خودکار نظام نے کیا تھا۔ حکام کا بتانا ہے کہ اس سارے عمل کو ممکن بنانے کے لیے اے آئی گورننس اور ہیومن ریسورس مینجمنٹ میں تعلیمی پس منظر رکھنے والے عمران زرقون نے ایک ایسا فریم ورک تیار کیا جس کا مقصد شفافیت، رفتار اور کم لاگت کو یقینی بنانا تھا۔



