وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کے صدر کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(کھو ج نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے عالمی بینک کے صدر اجے بنگا نے ملاقات کی جس میں اہم امور پر ناصرف تبادلہ خیال کیا گیا بلکہ مختلف امور اور ملکی صورتحال پر بھی گفتگو کی گئی۔
تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے عالمی بینک کے صدرکی حیثیت سے اجے بنگا کے پہلے سرکاری دورے پر ان کاخیرمقدم کیا۔ شہباز شریف نے کہا کہ اقتصادی ترقی اور اصلاحات میں عالمی بینک کی معاونت کو قدرکی نگاہ سے دیکھتے ہیں، حکومت کثیرالجہتی اور ملکی ضروریات کے مطابق تشکیل دیئے گئے اصلاحاتی پروگرام پر عمل پیرا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت جامع انتظامی اصلاحات پر کاربند ہے جو روزگار پر مبنی اقتصادی ترقی کو فروغ دیں گے۔دوسری جانب عالمی بینک کے صدراجے بنگا نے پرتپاک استقبال اور مہمان نوازی پر وزیراعظم کا شکریہ ادا کیا اور حکومت پاکستان کی جاری اصلاحاتی کوششوں کو بھی سراہا۔ صدر عالمی بینک نے "ون ورلڈ بینک گروپ” کے تحت تعاون کو مزید گہرا کرنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ اس کے علاوہ وزیراعظم نے انفرا اسٹرکچر، زرعی کاروبار، ڈیجیٹل ترقی، توانائی اور نجی سرمایہ کاری میں اضافے کے لیے عالمی بینک کی معاونت کو سراہا۔ شہباز شریف نے عالمی بینک گروپ کنٹری پارٹنرشپ فریم ورک کے تحت تعاون کوقابل تحسین قرار دیا۔



