پاکستان

خیبرپختونخوا کے بچوں کے ہاتھ میں ہتھیار اور دماغ میں گالی ہے: مریم نواز

گجرات (کھوج نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے دعویٰ کیا ہے کہ خیبرپختونخوا کے بچوں کے ہاتھ میں ہتھیار اور دماغ میں گالی ہے ،13سال ہو گئے خیبرپختونخوا میں لوگوں کو پتا نہیں ترقی کس کو کہتے ہیں۔

تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے گجرات یونیورسٹی میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ انتشار خیبر پختونخوا کے بچوں کا نصیب نہیں ہو سکتا، ٹوٹی سڑکیں ان کا مقدر نہیں ہو سکتیں، بدتمیزی بھی خیبرپختونخوا کے بچوں کا مقدر نہیں ہوسکتی، پاکستانی ہونے کے ناتے مجھے بہت افسوس ہے کہ خیبرپختونخوا کے بچے پتھر کے زمانے میں رہتے ہیں، کے پی کے لوگوں کو پتا ہی نہیں کہ آج کے دور میں تعلیم ضروری ہے، خیبرپختونخوا کے بھائیوں سے کہتی ہوں خدا کا واسطہ ہے پنجاب کے بچوں کی طرف دیکھو، ترقی کی طرف دیکھو۔

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا تھا کہ اٹک کے اس پار خیبرپختونخوا ہے، خیبرپختونخوا کے بچوں کے ہاتھ میں ہتھیار ہے، دماغ میں گالی ہے، پنجاب کے بچے لاکھوں کی تعداد میں ٹیکنیکل ٹریننگ حاصل کر رہے ہیں، ادھر ہونہار ہے ادھر انتشار ہے، یہ کوئی خوشی کی بات نہیں، میں پنجاب بعد میں ہوں پہلے پاکستانی ہوں، خیبرپختونخوا کے راستے بند کرنے سے پنجاب کے کاروبار کو کوئی فرق نہیں پڑتا۔

ان کا کہنا تھا کہ پنجاب آگے بڑھ رہا ہے، پنجاب کی ہر بیٹی اوربیٹے کا مستقبل روشن ہے، لیپ ٹاپ کی تقسیم سرکاری تقریب نہیں، یہ وہ جشن ہے جو ایک ماں اپنے بچوں کی کامیابی پرمناتی ہے، پنجاب کی جین زی دنیا کو فتح کرنیکی تیاری میں ہے ، آپ لوگوں کا جذبہ دیکھتی ہوں تو ساری تھکن دور ہوجاتی ہے، پنجاب کے پاس جتنے بھی وسائل ہیں وہ سب اپنے بچوں، بیٹیوں پر نچھاور کرنے ہیں، میرے تمام وسائل آپ کے قدموں میں حاضر ہیں، بہت خوش ہوں کہ جین زی صحیح راستے پر ہے، اس کو اس کا حق مل رہاہے۔

مریم نواز کا کہنا تھا کہ جو بیمار ہے اس کے لیے ہم شفا کی دعا کرتے ہیں، اس کا برا کوئی نہیں چاہتا، جس قسم کی بھی سہولت اسے چاہیے، اسے ڈاکٹرز اورعلاج چاہیے وہ اسے دیا جا رہا ہے، جس علاج کی اسے ضرورت ہے وہ اسے دیا جارہا ہے، یہ اڈیالہ جیل میں ہے لیکن میں نے کبھی نہیں کہا کہ اس کو کھانا نہ دو، اس کو یہ نہ دو اس کو وہ نہ دو ، وہ اچھا کھانا کھاتا ہے تو مریم نواز شریف کو خوشی ہے مجھے کوئی پرابلم نہیں، اس کا برا کوئی نہیں چاہتا لیکن آپ نے یہ حرکتیں کبھی نہیں کرنی، آپ اختلاف کریں ، پرفارمنس، پالیسی اور خدمت پر سوال کریں، سیاست میں ذاتیات کو اٹھا کر باہر پھینک دیں، انتشار، فتنہ، گھرا جلا ، آگ لگانیکو اٹھا کے پاکستان سے باہر پھینک دیں۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ اقتدار آنی جانی چیز ہیکل ہم جیل میں تھے ہمارے پاس اقتدار نہیں تھا، آج میرے پاس اقتدار ہے اللہ تعالی نے دیا ہے کل کسی اور کے پاس ہوگا ، اقتدار کبھی کسی ایک ہاتھ میں نہیں رہتا ریت کی طرح پھسلتا ہے، اقتدار کا حساب صرف عوام کو نہیں، اللہ تعالی کو بھی دینا ہے، میرے والد جب جیل میں تھے تو بیمار ہوئے تو ان کی بیماری کا مذاق اڑایا گیا، میری والدہ کی جب وفات ہوئی تو میرے والد نے کہا کہ یہاں پر انسان کو اپنی سچائی ثابت کرنے کے لیے مرنا پڑتا ہے، اپنی والدہ کی موت کی خبر جیل میں سنی، والد نے میرے سیل میں آکر بتا یا، آج تک نہ میں نے ، نہ نواز شریف اور نہ شہبازشریف نے کبھی سوچا کہ اس کا ٹی وی ہٹوا دیں، اے سی ہٹوا دیں، نیب کے پاس خواتین کی جیل نہیں تھی، ایک کمرہ خالی کروا کر مجھے رکھا گیا، میں نے کبھی نہیں کہا کہ اس کو اچھا کھانا نہ دو۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button