امریکا ایران جنگ بندی، وزیراعظم نے جمعہ کو یوم تشکر منانے کا فیصلہ کرلیا

اسلام آباد(کھوج نیوز) امریکا اور ایران کے درمیان ہونے والی جنگ بندی کے اعلان پر وزیراعظم میاں شہباز شریف نے آئندہ جمعہ کو ملک بھر میں یوم تشکر منانے کا فیصلہ کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی آمد پر کابینہ ارکان نے وزیراعظم کو خراج تحسین پیش کیا اور کھڑے ہوکر تالیاں بجا کر ان کا استقبال کیا۔ کابینہ اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے امریکا ایران جنگ بندی کے حوالے سے پاکستان کے اقدامات پر ارکان کو بریف کیا۔ وزیراعظم نے امریکا اور ایران کے درمیان ثالثی میں اہم کردار ادا کرنے پر فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کا ذکر کیا جب کہ اس دوران فیلڈ مارشل کی کاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا گیا۔
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پوری قوم مبارک باد کی مستحق ہے، پاکستان کا وقار دنیا میں بلند ہوا، فیلڈ مارشل عاصم منیر اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈارکی کاوشیں لائق تحسین ہیں، فیلڈ مارشل عاصم منیر کئی راتیں جاگتے رہے ، ان کے امریکی قیادت سے رابطے رہے، انہوں نے امریکی اور ایرانی لیڈرشپ سے بات کی، میں نے اپنے پورے کریئر میں اس طرح کا سیاسی و عسکری ربط نہیں دیکھا، فیلڈ مارشل عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔ نائب وزیراعظم اور وزیرخارجہ اسحاق ڈار نے بھی انتھک محنت کی، عارضی جنگ بندی کو مستقل جنگ بندی میں تبدیل کریں گے، پاکستان امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کر رہا ہے، خطے اور دنیاکو آگ کے شعلوں سے بچا کر پر امن بنانا ہے۔ وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان کو امریکا ایران مزاکرات کی میزبانی کا شرف حاصل ہو رہا ہے، اللہ نے پاکستان کا وقار بلندکیا،صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو زرداری کی کاوشیں قابل تحسین ہیں۔



