وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وفد کی ملاقات، اہم امور پر تبادلہ خیال

اسلام آباد(کھوج نیوز) وزیراعظم شہباز شریف سے ایرانی وفد نے اسلام آباد میں ملاقات کی اور اہم امور پر تبادلہ خیال کرنے کے ساتھ ساتھ امن و استحکام کے حوالے سے بھی گفتگو کی۔
تفصیلات کے مطابق ترجمان وزیراعظم آفس نے بتایا ہے کہ ایرانی وفد کی قیادت ایران کی مشاورتی اسمبلی کے اسپیکر محمد باقر قالیباف نے کی جب کہ وفد کی معاونت وزیرخارجہ عباس عراقچی نے کی۔ اعلامیے کے مطابق ملاقات میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار، فیلڈ مارشل سید عاصم منیر اور وزیر داخلہ محسن نقوی بھی موجود تھے۔
اعلامیے کے مطابق ملاقات میں عالمی اور علاقائی امن کی صورتحال پر بھی غور کیا گیا، وزیراعظم نے اسلام آباد مذاکرات میں ایرانی وفد کی شرکت کو سراہا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان خطے میں امن و استحکام کے لیے اپنا کردار جاری رکھے گا، وزیر اعظم نے خلوص نیت کے ساتھ اپنا کردار ایک ثالث کے طور پر جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا۔ وزیراعظم نے علاقائی،عالمی امن واستحکام کے مفاد میں بامقصد نتائج کے لیے پیش رفت تیز کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔



