شوبز

اداکارہ حریم فاروق کو درپیش مشکلات کا انکشاف

حریم فاروق نے بتایا کہ میں نے چھپ کر سیٹ پر شاور بھی لیا اور اس بات کا کبھی کسی کو پتہ نہیں چلنے دیا۔ showbiz

کراچی(شوبز ڈیسک) اداکارہ حریم فاروق کو درپیش مشکلات کا انکشاف ، معروف اداکارہ حریم فاروق نے اپنے کیریئر کے آغاز میں پیش آئی مشکلات کے بارے میں انکشاف کیا ہے۔ حریم فاروق نےحال ہی میں ایک ویب شو میں بطور مہمان شرکت کی جہاں اُنہوں نے اپنے شوبز کیریئر کے بارے میں گفتگو کی۔ اُنہوں نے شوبز کیریئر کے لیے اپنی جدوجہد کے بارے میں بات کرتے ہوئے کہا کہ میں ایک خوشحال خاندان سے ہوں اس لیے جب میں نے اپنے والدین کو بتایا کہ میں شوبز انڈسٹری میں قدم رکھنا چاہتی ہوں تو اُنہوں نے کہا کہ وہ مجھے تعلیم مکمل کرنے کے لیے بیرون ملک بھیجیں گے۔

اُنہوں نے بتایا کہ میں نے بیرون ملک جانے کی آفر ٹھکرا دی اور میں اپنے لیے خود جدوجہد کروں گی۔ حریم فاروق نے کہا کہ مجھے پتہ نہیں اس وقت کیا سوجھی میں نے اپنے ابا حضور سے یہ کہا کہ میں آپ سے ایک پیسہ بھی نہیں لوں گی بلکہ خود محنت کروں گی اور پھر میں کراچی آگئی۔ اُنہوں نے بتایا کہ میرا شوبز انڈسٹری میں کسی سے کوئی تعلق نہیں ہے اور ایسا بھی وقت تھا کہ میرے پاس پیسے نہیں ہوتے تھے، میں کئی سالوں تک ایک ایسے فلیٹ میں رہی جو بہت چھوٹا تھا نہ وہاں پر بجلی تھی اور نہ پانی تھا۔

حریم فاروق نے بتایا کہ میں نے چھپ کر سیٹ پر شاور بھی لیا اور اس بات کا کبھی کسی کو پتہ نہیں چلنے دیا۔ اُنہوں نے بتایا کہ کبھی کبھی میں سوچتی تھی کہ میرے پاس تو اتنا کچھ ہے تو پھر میں یہ سب کچھ کیوں کر رہی ہوں، میں نے ایسا وقت بھی گزارا کہ میں اپنے اپارٹمنٹ میں بیٹھی جہاں بجلی بھی نہیں تھی اور باہر تیز دھوپ تھی، رو رہی تھی اور سوچ رہی تھی کہ کیا واقعی میرے لیے میرا یہ خواب اتنا ضروری ہے۔

حریم فاروق نے بتایا کہ میں نے اس دوران کبھی ہمت نہیں ہاری اور میں نے اپنی ان مشکلات کے بارے میں کبھی اپنے والدین کو نہیں بتایا۔ اُنہوں نے اپنی بات مکمل کرتے ہوئے کہا کہ مجھے خدا پر یقین تھا کہ اگر آج میری زندگی میں اندھیرا ہے تو کل روشنی بھی ہوگی، مجھے بس ایک چیز پتہ تھی کہ میرا جذبہ سچا ہے، میرے دل میں سچائی ہے اور میں محنت کرنے کیلئے تیار ہوں۔

Related Articles

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button