اداکارہ ریشم کی نئی ویڈیو کو دیکھ کر منچلوں نے انہیں آرائیوں کی باربی قرار دیدیا
منچلوں نے اداکارہ ریشم کو ازراہ تفنن آرائیوں کی باربی کہہ ڈالا کیونکہ وہ چھولے بٹوروں کے ساتھ ذوق و شوق سے پیاز کھا رہی ہیں
لاہور(شوبز ڈیسک) معروف پاکستانی اداکارہ ریشم سوشل میڈیا پر متحرک رہتے ہوئے اپنے مداحوں سے بھرپور رابطے میں رہتی ہیں ۔ تازہ ویڈیو دیکھ کر کچھ منچلوں نے انہیں آرائیوں کی باربی کے لقب سے نواز دیا۔
تفصیلات کے مطابق ریشم کی یہ ٹک ٹاک ویڈیو سوشل میڈیا صارفین کی خوب توجہ حاصل کررہی ہے۔ ویڈیو میں ریشم کو گلابی رنگ کا ٹریک سوٹ پہنے چنگ چی رکشہ میں سواری سے لطف اندوز ہوتے دیکھا جاسکتا ہے۔ یہی نہیں وہ آخرمیں لاہور کی سردی میں ایک ریسٹورنٹ میں بیٹھی چھولے بھٹوروں سے انصاف کرتی بھی نظر آرہی ہیں۔ جہاں دیکھنے والوں نے اس ویڈیو کو بہت پسند کیا وہیں کچھ منچلوں نے چلبلے تبصروں میں دلی جذبات کا اظہار کرتے ہوئے ریشم کی فٹنس کے باعث انہیں 12 سالہ لڑکی قرار دیا۔ ریشم کے ٹریک سوٹ کی رنگت کی بنا پر باربی مووی کے باعث چلنے والے ٹرینڈ کی یادیں تازہ کرنے والوں نے انہیں ازراہ تفنن آرائیوں کی باربی کہہ ڈالا کیونکہ وہ چھولے بٹوروں کے ساتھ ذوق و شوق سے پیاز کھا رہی ہیں۔